مارچ کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب میں کورونا کیسز 100 سے کم
مارچ کے بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب میں کورونا کیسز 100 سے کم
اتوار 3 جنوری 2021 16:01
صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 54 ہزار 443 ہوچکی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا کے نئے کیسز کم ترین سطح پر پہنچ گئے۔ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران صرف 82 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 63 ہزار61 ہوگئی ہے۔
گذشتہ سال مارچ کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے روزانہ کیسز 100 سے کم ہوگئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے میں 180 مریض شفایاب ہوئے۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 54 ہزار 443 ہوچکی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’چوبیس گھنٹے میں کورونا سے سات ہلاکتیں ہوئی ہیں اب تک اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 239 تک پہنچ گئی ہے‘۔
اتوار 3 جنوری کو کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں رہے جہاں 43 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مکہ مکرمہ ریجن میں مریضوں کی تعداد 24 رہی ہے۔
مشرقی ریجن میں سات، مدینہ منورہ ریجن میں پانچ جبکہ قصیم ریجن میں تین افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
الحدود شمالی اورعسیر ریجن میں دو، دو، تبوک، نجران، جازان اور حائل ریجن میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک رہی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 2 ہزار477 رہ گئی جن میں سے 358 کی حالت نازک ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس کےلیے وزارت کی صحتی ایپ پر رجسٹرکرانےکے بعد مقررہ دن ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔
کورونا ویکسینیشن سینٹر ریاض ، جدہ اور الخبر میں قائم کیے گئے ہیں دیگر شہروں میں بھی سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔