Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کبھی کارڈ چھپائیں گے، کبھی کارڈ دکھائیں گے تم ایسے جلتے رہو گے‘

بہاولپور میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ریلی کے شرکا نے حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ 
مولانا کا کہنا تھا کہ ’ہمارا موقف ایک ہے یہ دھاندلی کی حکومت ہے، اسے جانا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اپنی حکمت عملی میں تبدیلیاں کرتی رہے گی۔  ’اپنے مقصد کی طرف بڑھنے کے لیے حکمت عملی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کرتے رہیں گے، کبھی کارڈ چھپائیں گے، کبھی کارڈ دکھائیں گے تم ایسے جلتے رہو گے۔‘
حکومت پر تنقید کرتے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگ خود کشی کررہے ہیں اور حکومتی وزرا ٹی وی پر بیٹھ کر بغلیں بجارہے ہیں۔
ان کے مطابق ووٹ چوری کرکے حکومتیں نہیں چلا کرتی ہے۔ ’عوام کے نمائندے وہی ہیں جو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔‘
مولانا نے حکومت پر کشمیر فروشی کا الزام لگایا اور کہا کہ اس حکومت نے کشمیر کو فروخت کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سی پیک کا وہی حال ہے جو پشاور بی آر ٹی کا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 21 جنوری کو کراچی میں اسرائیل نامنظور ریلی ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر بہاولپور صوبے کے مطالبے کی حمایت کا بھی اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ بہاولپور نے فیصلہ دے دیا کہ جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے شرکا سے پوچھا کہ ’کیا ہم ان جعلی اسمبلیوں میں بیٹھے رہیں یا استعفیٰ دے دیں؟

مریم نواز نے کہا جس دن پی ڈی ایم نے استعفیٰ دے دیا تو اس حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

مریم نواز نے کہا جس دن پی ڈی ایم نے استعفیٰ دے دیا تو اس حکومت کا کام تمام ہو جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبے کہتے تھے کہ تبدیلی اس وقت تک نہیں آئے گی جب تک پنجاب کھڑا نہیں ہوتا۔ ’بہاولپور والوں سن لو پنجاب ظلم کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے۔‘ اس موقع پر انہوں نے حکومت کی کارکردگی پر بھی شدید تنقید کی۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کہتے ہیں کہ فوج جانتی ہے میں کرپٹ نہیں ہوں۔‘
’عمران خان دو لاکھ تنخواہ لیتے ہیں لیکن تین سو کنال کے محل میں رہتے ہیں۔‘ انہوں نے سوال کیا ’محل میں آپ نے درجنوں نوکر رکھے ہوئے ہیں، یہ پیسہ کہاں سے آتا ہے؟‘
مریم نواز نے کہا کہ اربوں روپے کی بیرون ملک سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ ہوئی لیکن تحقیقات کو آگے بڑھنے نہیں دیا جاتا ہے۔
قبل ازیں ریلی سے خطاب میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ آج وزراٹی وی پر بیٹھ کر کہیں گے ریلی ناکام ہوگئی۔

ریلی میں پی ڈی ایم کی پارٹیوں کے کارکنان بری تعداد میں شریک ہوئے (فوٹو: ٹوئٹر)

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج مہنگائی عروج پر ہے، کسان پس گیا ہے، ان کےمسائل بہت ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل کا حل صوبہ ہے، صوبے کی اسمبلی اور وزیراعلیٰ ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی میزبانی میں ہونے والی اپوزیشن اتحاد کی ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کی قیادت پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کی۔
ریلی میں مسلم ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور پی ڈی ایم کی ممبر جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔

شیئر: