انڈیا میں گائے کی سائنس سے متعلق قومی سطح کا امتحان
انڈیا میں گائے کی سائنس سے متعلق قومی سطح کا امتحان
بدھ 6 جنوری 2021 15:05
25 فروری کو 'گؤ وگیان' یعنی گائے کی سائنس کے نام سے ایک قومی سطح کا امتحان منعقد کیا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں گائے کے متعلق تعلیم کے فروغ کے لیے آئندہ ماہ قومی سطح پر ایک امتحان منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس کا اعلان گائے کی فلاح و بہبود کے متعلق حکومتی ادارے راشٹریہ کامدھینو آیوگ (آر کے اے) نے کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق 25 فروری کو 'گؤ وگیان' یعنی گائے کی سائنس کے نام سے ایک قومی سطح کا امتحان منعقد کیا جائے گا جس میں شرکت کے لیے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
'آر اے کے' کے چیئرمین ولبھ بھائی کتھیریا نے کہا ہے 'کامدھینو گؤ وگیان پرچار پرسار امتحان' اپنے قسم کا پہلا امتحان ہے جو کہ آئندہ سے ہر سال منعقد کیا جائے گا۔
انھوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم قومی سطح پر کامدھینو گؤ وگیان پرچار پرسار امتحان 25 فروری 2021 کو منعقد کرا رہے ہیں۔ گائے سائنس سے پر ہے اور اس کی سائنس کو دریافت کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ہماری پانچ کھرب کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔'
ان کے اس اعلان کے بعد سے سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث جاری ہے۔ کوئی ان کا مذاق اڑا رہا ہے تو کوئی تنقید کر رہا ہے جبکہ ایک ایسا بڑا طبقہ بھی موجود ہے جو پہلے سے ہی گائے کے سائنسی فوائد پر یقین رکھتا ہے۔
انڈیا میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت کے ایک رہنما نے تو یہاں تک کہا تھا کہ گائے کاربن ڈائی آکسائیڈ اندر لیتی ہے اور آکسیجن چھوڑتی ہے۔ گائے کے گوبر اور پیشاب کو ہندو مقدس مانتے ہیں۔ گھروں میں اس کا چھڑکاؤ کرتے ہیں۔ اسی لیے انڈیا کی مختلف ریاستوں میں گائے کی ذبیحے پر پابندی لگا دی گئی اور بعض جگہ تو اس کے لیے سخت قوانین بھی بنائے گئے ہیں۔
بہر حال گائے کی سائنس سے متعلق امتحانات ہندی انگریزی کے علاوہ ملک کی 12 علاقائی زبانوں میں منعقد کیے جائیں گے۔
آر کے اے کے چیرمین نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ امتحان ایک گھنٹے کا ہوگا اور اس کے چار زمرے ہوں گے۔ پہلا آٹھویں جماعت تک، دوسرا اٹھویں سے 12 ویں جماعت تک، تیسرا کالج کی سطح کے اور چوتھا عام لوگوں کا ہوگا۔
اس کے متعلق وزارت کی ویب سائٹ پر مواد اپ لوڈ کے جائیں گے۔ اس کے متعلق لٹریچر اور گائے پر کتابیں، گائے کی خدمت کرنے والے گؤسیوک کے متعلق معلومات اور نوجوان اور خواتین کا ذکر جو گائے کی خدمت میں سرگرمی کے ساتھ جڑے ہیں۔
بہت سے لوگ اس بات پر غور و فکر کر رہے ہیں کہ اس ڈوبتی معیشت میں پانچ کھرب معیشت کا خواب اور اس میں گائے کا کردار کیا ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ مودی حکومت نے پہلے انڈیا کی معیشت کو تین کھرب سے بڑھا کر پانچ کھرب تک پہنچانے کا اعلان کیا تھا جسے ماہرین معاشیات نے تقریبا ناممکن قرار دیا تھا۔