Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرد موسم، قدرتی حسن اور آثارقدیمہ کا عالمی ورثہ الاحسا سفاری پیکج

یہاں اہم مقامات میں الاصفر جھیل ہے جو صحرا کے وسط  میں واقع ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں الاحسا کو  سب سے سرسبز و شاداب اور زرخیز زمین کا حامل شمار کیاجاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہاں نمایاں آثار قدیمہ اور تاریخی مقامات بھی پائے جاتے ہیں۔
سرما سیزن کی سعودی مہم میں پیش کئے جانے والے 300 سے زائد سیاحتی پیکیجز میں سفاری ٹرپس شامل کئے گئے ہیں۔  
عرب نیوز کے مطابق یہ مہم رواں سال مارچ کے آخر تک جاری رہے گی۔ اس کا نعرہ ہے ’’سرما تمہارے گرد ہے‘‘۔

2015 میں الاحسا کو یونیسکو میں شامل ہونے والے پہلے خلیجی شہر کا اعزاز ملا۔(فوٹو واس)

اس کے پیکیج ’’وزارت سعودی‘‘ ویب سائٹ اور ایپ پر دستیاب ہیں۔ یہ سیاحتی پیکیجز200 سے زائد سیاحتی ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کئے گئے ہیں۔
100ارکان پر مشتمل الاحسا سفاری ٹیم مشرقی صوبے میں سیاحت کو فروغ دے رہی ہے۔ اس حوالے سے ٹیم نے صحرا کے تجربے، خطے کے ورثے اور یادگاروں کی تلاش نیز اس  کے قدرتی حُسن، کشش اور آب و ہوا کے اشتراک پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
الاحسا سفاری ٹیم کے لیڈر یاسر الساری نے کہا کہ یہاں اہم مقامات میں الاصفر جھیل ہے جو صحرا کے وسط میں واقع ہے۔ اس کی لمبائی 25 کلومیٹر ہے۔

الاحسا سفاری ٹیم مشرقی صوبے میں سیاحت کو فروغ دے رہی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

اس کے ارد گرد وسیع سرسبز و شاداب علاقے ہیں جہاں کھجور کے درخت دور سے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ خطہ موسم سرما اور گرما دونوںمیں مختلف اقسام کے خانہ بدوش پرندوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے ۔ اسی طرح اندرون و بیرونِ ملک سے ہزاروں سیاح یہاں آتے ہیں۔
موسم سرما کی سعودی مہم کے آغاز کے بعد سے الاحسا سفاری ٹیم کو ’’وائلڈ سفاری ٹرپس‘‘منظم کرنے کے لئے ہر ہفتے لگ بھگ 5 درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔
الساری نے کہا کہ سرد  موسم، قدرتی حسن اور آثارقدیمہ والے مقامات  کے دورے کو جن میں الاصفر جھیل ، الفناجیل صحرا، صحرائے سمن، حزوم الشعیب، جبل الاربعا، البصال سطح مرتفع اور خالی کوارٹرشامل ہیں، مزید خاص بنا دیتا ہے۔

الاحسا عالمی اعزاز پانے والا سعودی عرب کا پانچواں مقام ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

سفاری ٹرپس تفریحی تجربات کی پیشکش کرتے ہیں اس کے علاوہ الاحسا کے تاریخی اہمیت والے مقامات دیکھنے کا موقع بھی ملتا ہے جو خاص طور پر مقامی سیاحوں کے لئے پرکشش انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔
پیکیجزکے نرخ فراہم کی جانے والی خدمات کے مطابق مختلف ہیں۔ ان خدمات میں ٹرانسپورٹ، صحرائی خیمے، گھوڑے اور اونٹ کی سواری، تیر اندازی، ریت پر اسکیئنگ، پیرا گلائیڈنگ اور ریت کے ٹیلوں میں 4 وہیل ڈرائیو اور فوٹوگرافی مہم شامل ہیں۔
سفاری ٹرپ آپریٹرز نے وزارت سیاحت کی جانب سے وزارت صحت اور متعلقہ حکام کیساتھ ربط ضبط سے اپنائے جانے والے تمام حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ کارکنوں اور شرکاکی صحت و سلامتی کو یقینی بنایاجا سکے اور کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
2015 میں الاحسا کو دستکاری اور لوک فن کے میدانوں میں یونیسکو کے تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل ہونے والے پہلے خلیجی شہر کا اعزاز حاصل ہوا۔
یہ نیٹ ورک 72ممالک کے 180شہروں کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ مقامی سطح پرتخلیقات اور ثقافتی صنعتیں ان شہروں کے ترقیاتی منصوبوں کے قلب میں رہ سکیں اور بین الاقوامی سطح پر فعال تعاون کر سکیں۔
دوسری کامیابی اس وقت ملی جب 2018 میں الاحسا کو عالمی ورثے کا اعزاز ملا۔ الاحسا عالمی اعزاز پانے والا سعودی عرب کا پانچواں مقام ہے۔ مزید برآں 2019میں سیاحت کی عرب وزارتی کونسل نے ’’عرب سیاحت کے دارالحکومت ‘‘ کے طور پر الاحسا کا انتخاب کیا تھا۔
سعودی سیاحتی اتھارٹی کی جانب سے مملکت میں 17مقامات پر شروع کی گئی سعودی سرما سیزن کی مہم ان مقامات کی اہمیت اجاگر کرنے کی کوشش کرتی ہے تاکہ سیاحوں کو   تعطیلات کے دوران یہاں کی سیاحت کے لئے راغب کیاجا سکے۔
 

شیئر: