Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کا سفاری پارک کھول دیا گیا

کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا (فائل فوٹو: گلف نیوز)
دبئی سفاری پارک پیر 5 اکتوبر سے شائقین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ دبئی بلدیہ نے پارک کھولنے سے قبل متعدد تبدیلیاں کی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی سفاری پارک 119 ہیکٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ 
دبئی بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ یہاں آنے والے افراد مختلف جانور دیکھ کر اپنی زندگی کا ایسا تجربہ کریں گے جس کی یادیں وہ فراموش نہ کرسکیں گے۔ جانوروں کے حوالے سے متعدد شوز اور پروگرام بھی رکھے گئے ہیں۔ تعلیمی اور معلومات افزا پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں۔ 

 یہاں نایاب پرندے اور جانور بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دبئی سفاری پارک متحدہ عرب امارات کے اہم قابل دید مقامات میں سے ایک ہے۔ یہاں تین ہزار جانور موجود ہیں۔ نایاب پرندے اور جانور بھی بڑی تعداد میں ہیں۔ 
دبئی سفاری پارک جنگلی حیاتیات کا محفوظ قومی جنگل ہے۔ یہ سیکھنے سکھانے کا  مرکز بھی ہے۔ یہاں پہلی بار ہاتھی اور افریقی شترمرغ بھی لائے گئے ہیں۔ 
دبئی سفاری پارک آنے والوں کی سہولت کے لیے جدید ترین ایئرکنڈیشنڈ ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان کی مدد سے وہ دبئی سفاری پارک کے تمام قریوں کی سیر کرسکتے ہیں۔
دبئی سفاری پارک روزانہ صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کھلے گا۔ وزٹ کے لیے آن لائن پیشگی بکنگ کرانا ہوگی۔ 

وزٹ کے لیے آن لائن پیشگی بکنگ کرانا ہوگی۔ (فوٹو اے ایف پی)

 یاد رہے کہ دو سال سے دبئی سفاری پارک میں توسیع کی جا رہی تھی اور یہ سیاحوں کے لیے بند تھا۔ 
سفاری پارک میں توسیع اور شجر کاری کے ساتھ کئی نئے جانوروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس وقت یہاں افریقی ہاتھی، ایشیائی سیاہ ریچھ ، افریقی ہرن سمیت دیگر نایاب جانور بھی ہیں جو پہلی مرتبہ امارات لائے گئے ہیں۔
جس جگہ سفاری پارک تعمیر کیا گیا ہے وہاں کچرے کا ڈھیر تھا جسے اب سیاحتی، تفریحی اور ثقافتی مرکز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

دو سال سے دبئی سفاری پارک میں توسیع کی جا رہی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ ابوظبی اور فجیرہ میں  شیخ زاید گرینڈ مسجد بھی اتوار سے دوبارہ کھول دی گئی ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا۔ داخلے کے تمام مقامات پر درجہ حرارت چیک کرنے ک ےلیے تھرمل کیمرے نصب ہوں گے۔ سماجی فا صلے کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
سیاحوں کے لیے ویب سائٹ پر آن لائن بکنگ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے وہ تاریخ اور وقت کا تعین کرسکتے ہیں۔ 
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: