اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے مرکز کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض، تبوک، باحہ، عسیر، جازان، قصیم، الشرقیہ، حائل، الجوف اور حدود شمالیہ میں بارش کے خدشات ہیں۔
موسمیات کے مرکز کا کہنا ہے کہ بعض مقامات ہر درمیانے درجے اور دیگر موسلا دھار بارش کی زد میں ہوں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات سے اتوار تک حفاظتی تدابیر کا اہتمام کریں۔ ریاض، مکہ، عسیر، باحہ اور حائل میں سیلاب کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی جن سے حد نظر کم ہوجائے گی۔
شہری دفاع نے لوگوں سے کہا ہے کہ سیلاب والے مقامات سے دور رہیں اور محکمے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی پابندی کریں- رابطے کے سماجی وسائل کے ذریعے ہدایات جاری ہوں گی۔
دریں اثنا عاجل ویب سائٹ کے مطابق ماہر موسمیات ڈاکٹر زیاد الجہنی نے توقع ظاہر کی ہے کہ جنوری کے باقی ایام شدید سردی کے ہوں گے۔
الجہنی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ ماہ رواں جنوری کے باقی ماندہ دنوں میں اب تک ہونے والی سردی سے کہیں زیادہ سخت سردی پڑے گی۔
ماہر موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ القصیم اور مکہ مکرمہ علاقوں میں موسم محدود پیمانے پر متاثر ہوگا جبکہ مملکت کے شمالی علاقے حائل، مدینہ منورہ، مکہ مکرمہ، باحہ اور عسیر کے متعدد علاقے زیادہ متاثر ہوں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں