تلی ہوئی اور مصالحے دار اشیا بھی معدے کی تیزابیت بڑھا سکتی ہیں۔ فوٹو فریک پک
معدے کی تیزابیت جسے معدے میں جلن بھی کہا جاتا ہے ایک عام بیماری ہے۔ اس سے پیٹ میں شدید درد اور جلن کا احساس ہوتا ہے، جو بعض اوقات حلق کے پچھلے حصے تک بھی جا سکتا ہے۔
سیدتی میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق معدے کی تیزابیت کی وجہ سے شدید کھانسی ہوسکتی ہے۔ پیٹ میں تیزابیت زیادہ مرغن اور بھاری کھانا کھانے کے باعث یا پھر دیگر وجوہات کی بنا پر بھی ہو سکتی ہے، حاملہ خواتین کو بھی اس کی شکایت ہو سکتی ہے۔
اگر معدے میں تیزابیت دائمی شکل اختیار کرجائے تو کچھ اشیا ایسی ہیں جن کے کھانے سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے جیسے بادام، کیلا، شہد، چربی کے بغیر گوشت، اناج اور پھلیاں وغیرہ۔
اسی طرح کچھ اشیا ایسی ہیں جن کے کھانے سے معدے کی تیزابیت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ ایسی اشیا سے پرہیز لازمی ہے ورنہ تکلیف بڑھ سکتی ہے۔
ٹاپ سینٹا کے مطابق جو اشیا معدے کی جلن اور تیزابیت میں اضافے کا سبب بنتی ہیں، وہ یہ ہیں۔
پیاز
لہسن اور پیاز کی وجہ سے معدے کی جلن میں اضافہ ہوتا ہے۔ کچے پیاز اور لہسن کے استعمال سے تیزابیت بڑھتی ہے۔ لہٰذا اگر آپ معدے کی جلن کا شکار ہیں تو اچھی طرح سے پکے ہوئے پیاز کا استعمال کریں۔
الکوحل والے مشروبات
الکوحل والے مشروبات معدے کی جلن میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ خصوصاً اگر بغیر کچھ کھائے استعمال کیے جائیں۔ الکوحل والے مشروبات پینے سے پیٹ کی تیزابیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس لیے ان سے پرہیز بہتر ہے۔
تلے ہوئے پکوان
فرنچ فرائز، چربی والے گوشت اور بیکری آئٹمز سے معدے کی جلن میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے ہضم ہونے کا عمل مشکل ہوتا ہے۔
ٹماٹر
ٹماٹر میں قدرتی طور پر تیزابیت زیادہ ہوتی ہے۔ ٹماٹر کا زیادہ استعمال پیٹ کے ذریعے پیدا ہونے والے قدرتی تیزابیت کے تناسب میں اضافہ کرتا ہے۔ البتہ پیلے رنگ کے ٹماٹر میں تیزابیت کم ہوتی ہے۔
تیز مصالحے والے کھانے
ایسے کھانے جن میں مصالحے زیادہ ہوتے ہیں وہ معدے کی جلن کوبڑھاتے ہیں۔ کیونکہ یہ چکنائی والے پکوان کی طرح ہاضمے کو سست کردیتے ہیں۔
چاکلیٹ
اس میں پائی جانے والی کیفین اور تھیبرومائین غذائی نالی کے اسفنکٹر پٹھوں کو بڑھا دیتی ہیں، جو تیزابیت میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
کولڈ ڈرنکس
اگر آپ معدے کی جلن کا شکار ہیں تو سافٹ ڈرنکس سے پرہیز کریں۔ یہ مشروبات معدے میں مختلف گیسوں کو جمع کرکے معدے کی تکلیف کو بڑھاتی ہیں۔
ترش پھل
اگر آپ معدے کی جلن کا شکار ہیں تو ترش پھل جیسے لیموں، سنگترہ وغیرہ کھانے سے پرہیز کریں۔ ترش پھلوں میں تیزابیت ہوتی ہے وہ معدے کی تیزابیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کافی
کافی جہاں بہت سے لوگوں کے لیے ذہنی سکون کا باعث بنتی ہے وہیں پیٹ کی تیزابیت میں اضافہ بھی کرتی ہے۔ اس کا استعمال سینے کی جلن کا بھی سبب بنتا ہے۔