مالٹے میں وٹامن سی کے علاوہ دیگر ایسے اجزا بھی ہوتے ہیں جو مختلف یماریوں کے لیے مفید ہیں۔ فوٹو انسپلیش
ماہرین غذا مالٹے کو صحت کے لیے ایک بہترین پھل قرار دیتے ہیں۔
الرجل میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق مالٹے اور ان کا جوس وٹامن سی کی بڑی مقدار رکھتے ہیں۔ اسی طرح خون کی گردش اور تیزی میں اس کا بڑا کردار ہوتا ہے۔ مالٹا اور اس کا جوس جسم میں آئرن کی اضافی پیداوار کو روکتا ہے۔
مالٹے کے جوس کے فوائد
مالٹے میں وٹامن اے کی بڑی مقدار ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مالٹے میں دیگر کئی اجزا جیسے میگنیشم، تانبا، پوٹاشیم، کلورین اورسوڈیم ہوتے ہیں۔
ڈیمنشیا سے بچاؤ
ایک تحقیق کے مطابق روزانہ ایک گلاس مالٹے کا جوس پینے سے ڈیمنشیا کی بیماری کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج مشہور سائنسی جریدے نیروولوجی میں شائع ہوئے تھےجس میں محققین نے روزانہ کی بنیاد پر ایک گلاس مالٹے کا جوس پلانے کے لیے باقاعدہ افراد کا انتخاب کیا تھا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ افراد کی مستقل مزاجی کے ساتھ ڈیمینشیا کا خطرہ 74 فیصد تک کم ہوجائے گا۔
نتائج سے بھی ظاہر ہوا کہ جوس پینے سے ان افراد کی توجہ مرکوز کرنے اور یاد رکھنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا۔ یہ نتائج 28،000 افراد پر طویل عرصے کی تحقیق کے بعد حاصل کیے گئے۔
حافظے کی بہتری
ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ ایک گلاس مالٹے کا جوس پینے سے یادداشت تیز ہوتی ہے۔ یہ تحقیق برطانیہ میں یونیورسٹی آف ریڈنگ کے سائنس دانوں نے کی ہے جو 24 خواتین اور 13 مردوں پر مشتمل تھی جن کی عمریں ساٹھ اور اسّی سال کے درمیان تھیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ مالٹے کے جوس میں موجود کیمیکل خون کی گردش کو بہتر بناتے ہیں۔ تناؤ کے نتیجے میں ہونے والے عمل آکسیکٹو سے اعصابی خلیوں کی حفاظت کرتے ہیں اور خلیوں کو بہتر کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
ماہرین کی رائے کے مطابق مالٹے میں موجود فلاوونائڈز حافظے کو مثبت طور پر متاثر کرتا ہے۔
اس تحقیق میں حصہ لینے والے افراد صحت مند تھے۔ محققین نے انہیں آٹھ ہفتوں تک روزانہ آدھا لیٹر مالٹے کارس پینے کو کہا تھا۔
محققین نے پہلے شرکا کی یادداشت کا اندازہ لگا لیا تھا۔ آٹھ ہفتوں کے بعد میں تمام شرکا کی یادداشت کا اندازہ لگایا گیا تو اس میں آٹھ فیصد بہتری آئی تھی۔ اس لیے سائنسدان عمررسیدہ افراد کو باقاعدگی سے مالٹے کا رس پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔
دل کی حفاظت
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر آدھ گلاس مالٹے کا جوس پینا دل کی صحت کے لیے مفید ہے اور بیماریوں سے حفاظت کرتا ہے۔
مالٹے کا جوس دیگر بہت ساری بیماریوں سے بھی بچاتا ہے خصوصاً بلڈ پریشر کم ہونے سے انسان محفوظ رہتا ہے کیونکہ اس میں کیلشیم، پوٹاشیم اور فولیٹ کی بھرپور مقدار ہوتی ہے۔
فن لینڈ میں پبلک ہیلتھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے محققین نے تصدیق کی ہے کہ مالٹےکے جوس سے حفاظتی اثرات پیدا ہوتے ہیں۔ ابتدائی طور پر اس کی وجہ وٹامن سی سے بھرپور ہونا ہے اور یہ سب سے طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے جو جسم سے ٹاکسن فلٹر کرتا ہے اور نقصان دہ ذرات سے نجات دلاتا ہے۔
فالج سے بچاؤ میں معاون
مشہور امریکی جریدے سٹروک میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ کھانے پینے کی چیزوں سے کافی مقدار میں وٹامن سی نہ ملنے سے اچانک فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے نتائج کے بعد بلند فشار خون والے مردوں یا فربہ مردوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ کھانے سے وٹامن سی کی مناسب مقدار حاصل کرنے پر فوکس کریں کیونکہ اس کی کمی کی وجہ سے فالج کا سب سے زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
یہ تحقیق 2،419 مردوں پر کی گئی اور اس بات کی تصدیق کی گئی کہ وٹامن سی کی کم مقدار والے لوگوں میں فالج کا خطرہ دو گنا سے بھی زیادہ ہوتا ہے۔ لہٰذا انہیں روزانہ دو گلاس مالٹے کا جوس پینے کی سفارش کی گئی۔
دائمی بد ہضمی کا علاج
مالٹے کے بارے میں یہ بات بھی ثابت ہو چکی ہے کہ یہ دائمی بد ہضمی کی شکایت کو بہتر بنانے میں موثر ہے کیونکہ یہ انہضام کے نظام کو متحرک کرتا ہے اور ہاضمے کے مسائل کو بھی حل کرنے کا کام کرتا ہے۔ لہٰذا دائمی بدہضمی کے علاج میں یہ کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔
مالٹے کا جوس قبض کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے جو عمل انہضام میں کمزوری یا بدہضمی کی وجہ سے ہوتی ہے اس لیے ماہرین غذا نے لوگوں کوسونے سے پہلے مالٹے کا جوس پینے کی سفارش کی ہے، اس سے غذا ہضم ہونے میں مدد ملتی ہے۔
تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مالٹے کا جوس پینے سے آنتوں کے عضلات کم حرکت کرتے ہیں، جس سے اسہال اور درد کی شکایت کم ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ مالٹے کا جوس حاملہ خواتین کے لیے بھی مفید ہے۔ اس لیے ماہرین اسے باقاعدگی سے پینے کا مشورہ دیتے ہیں۔
قوت مدافعت میں استحکام
حالیہ سائنسی مطالعے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مالٹے کے پھل اور جوس ہڈیوں میں کیلشیم بڑھاتےہیں ، جو آسٹیوپوروسس کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہے۔
تحقیق کے مطابق مالٹے کا جوس 12 سے زیادہ مختلف بیماریوں کا علاج کرتا ہے اور مدافعتی نظام کو تقویت دیتا ہے۔ جس کی وجہ سے پیٹیکن میں اضافہ ہوتا ہے جو خون میں کولیسٹرول کو کم کرتا ہے۔
اعصاب کو پرسکون رکھتا ہے
ماہرین نفسیات کے مطابق مالٹے کا جوس اور اس کی خوشبو مریضوں کے اعصاب کو پرسکون کرتی ہے ۔ یہ تحقیق دانتوں کے ڈاکٹروں کے پاس جانے سے پہلے پریشانی کا شکار مریضوں پر تجربات کی روشنی میں معلوم ہوئی ہے۔
خاص طور پر دانتوں کے کلینک میں داخل ہونے سے پہلے کچھ مریض درد کی وجہ سے خوف کا شکار رہتے ہیں۔ تحقیق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مالٹے کی خوشبو سے وہ کلینک میں داخل ہونے سے پہلے ہی پرسکون ہوجاتے ہیں۔