برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہی جوڑے نے امریکہ منتقل ہونے کے بعد ’ترقی پسندانہ کردار‘ ادا کرنے کو ترجیح دی ہے اور وہ اس دوران ذاتی اور پیشہ وارانہ حیثیت میں سوشل میڈیا کا استعمال مسترد کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے برطانوی شاہی گھرانے کے سینیئر رکن کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور امریکہ میں نئی زندگی گزارنے کے ارادے کا اظہار کیا تھا۔
سنڈے ٹائمز نے جوڑے کے قریبی دوست کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی رفاہی فاؤنڈیشن ’ٓآرچویل‘ کے لیے بھی سوشل میڈیا کے استعمال کا ارادہ نہیں رکھتے، اور نہ ہی ذاتی حیثیت میں دوبارہ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
شاہی فرائض سے دستبرداری کے بعد پرنس ہیری اور میگھن مارکل گزشتہ سال امریکی ریاست کیلی فورنیا منتقل ہو گئے تھے۔ اس سے قبل شاہی فرائض نبھاتے ہوئے برطانوی جوڑے کے انسٹاگرام پر لاکھوں میں فالوورز تھے۔
شاہی جوڑا کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر برے برتاؤ کی شکایت کر چکا ہے۔
میگھن مارکل نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف ہونے والی ٹرولنگ کے حوالے سے کہا تھا کہ وہ یہ سہنے کے قابل نہیں ہے۔ سال 2016 میں پرنس ہیری نے ایک غیر معمولی بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے میگھن مارکل کے خلاف ہونے والی ٹرولنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں نسل پرستانہ قرار دیا تھا۔