خلاف ورزی خودکار سسٹم سے ریکارڈ ہونے لگے گی۔ (فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ ٹریفک نے انتباہ کیا ہے کہ منگل 12 جنوری سے چار علاقوں میں ٹریفک لین بدلنے کی خلاف ورزی خودکار سسٹم سے ریکارڈ ہونے لگے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر پر بیان میں کہا کہ منگل سے تبوک، نجران، قصیم اور حائل میں لین کی خلاف ورزی خودکار سسٹم سے ریکارڈ ہونے لگے گی۔
یاد رہے کہ محکمہ ٹریفک نے دسمبر 2020 میں لین بدلنے کی خلاف ورزی خودکار سسٹم سے ریکارڈ کرنے کا سلسلہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، عسیر، حدود شمالیہ اور القریات سے شروع کیا تھا۔
محکمہ ٹریفک نے یہ اقدام اس لیے کیا ہے تاکہ زگ زیگ طریقے سے گاڑی چلانے والوں کے خطرات سے راہگیروں اور گاڑی ڈرائیوروں کو بچایا جاسکے۔
محکمہ ٹریفک نےغیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔
اس سے قبل محکمہ ٹریفک نے کہا تھا کہ ’جو ڈرائیور لین کی پابندی نہیں کریں گے ان پر ٹریفک کو معطل کرنے اور راہگیروں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کرنے کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جائیں گی‘۔