وزارت داخلہ: ’ایسے ممالک کا سفر نہ کریں جہاں کورونا قابو میں نہیں‘
وزارت داخلہ: ’ایسے ممالک کا سفر نہ کریں جہاں کورونا قابو میں نہیں‘
بدھ 13 جنوری 2021 19:09
مخصوص ملکوں کے سفر کے لیے پیشگی اجازت نامہ لینا ہوگا ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے تغیر پذیر وائرس اور کووڈ 19 وبا کی وجہ سے مخصوص ملکوں کے سفر کے لیے پیشگی اجازت نامے کی پابندی لگائی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے 31 مارچ 2021 سے مقامی شہریوں کے بیرون مملکت آنے جانے کی اجازت سے متعلق آٹھ جنوری کو جاری کردہ بیان سے متعلق نئی وضاحت جاری کی ہے۔
سعودی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ ’وہ لیبیا، شام، لبنان، یمن، ایران، ترکی، آرمینیا، صومالیہ، ڈیموکریٹک کانگو، افغانستان، وینزویلا اور بیلا روس کا سفر سے قبل اجازت نامہ حاصل کریں۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’نئی پابندی وبائی حالات، بدامنی کے مسائل اور وبا پر قابو نہ پا سکنے کی وجہ سے مقامی شہریوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ کی خاطر لگائی گئی ہے۔‘
وزارت داخلہ نے مذکورہ ملکوں کے علاوہ ایسے ممالک کے سفر پر بھی پابندی عائد کی ہے جہاں ابھی تک وبا کو قابو نہیں کیا جا سکا۔
وزارت داخلہ نے ایسے ملکوں کے سفر کے لیے بھی پیشگی اجازت نامے کے حصول کی ہدایت کی ہے جہاں تغیر پذیر کورونا پھیلنے کے ثبوت سامنے آ گئے ہوں۔
وزارت داخلہ نے مذکورہ تمام ممالک میں موجود سعودی شہریوں یا مستقبل میں بوجوہ وہاں جانے والے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں متعلقہ ملک میں موجود سعودی سفارتخانے میں رجسٹریشن کرائیں۔
وزارت داخلہ نے مقامی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے ملک، جہاں جانے کی اجازت ہے، کا سفر کرتے وقت احتیاط برتیں۔ غیر مستحکم علاقوں یا کورونا وبا میں مبتلا علاقوں سے دور رہیں۔ کہیں بھی جائیں تو احتیاطی تدابیر کی پابندی کرتے رہیں۔‘