اس کے پہلے ایونٹ کا سلوگن ہے کشمیر پریمئیر لیگ۔۔۔ کھیلو آزادی سے، اور نامور پاکستانی سٹائلش بیٹسمین شاہد آفریدی اس کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔
کشمیر پریمیئرلیگ 2021 میں چھ ٹیمیں راولاکوٹ ہاکس، کوٹلی پینتھرز، میرپور رائیلز، مظفر آباد ٹائیگرز، باغ سٹالینز اور اوورسیز وارئیرز حصہ لے رہی ہیں۔
لیگ کے چیف ایگیزیکٹو آفیسر شہزاد اختر نے اردو نیوز کو بتایا کہ کے پی ایل کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب سابق پاکستانی آل راونڈر اظہر محمود کر رہے ہیں۔
'لیگ میں نوجوان کشمیری کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی حصہ لیں گے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے سیزن میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو لیگ میں شامل کرنے کا این او سی نہیں دیا ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑی آئندہ سیزن سے ہی پریمئیر لیگ کا حصہ بن سکیں گے۔‘
انہوں نے بتایا کہ 'ہر ٹیم کے سکواڈ میں 5 کھلاڑیوں کا تعلق کشمیر سے ہوگا جبکہ پلئینگ الیون میں دو کشمیری کھلاڑیوں کا شامل ہونا لازمی ہے۔‘
شہزاد اختر کا کہنا تھا کہ 'ہماری کوشش ہے کہ میرپور اور مظفرآباد میں بھی میچز کروائیں لیکن فی الحال پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی میچز کی اجازت دی گئی ہے۔‘
لیگ کی ڈرافٹنگ 16 جنوری کو ہوگی جبکہ اس کا ترانہ راحت فتح اللہ خان کی آواز میں عنقریب ریلیز ہو رہا ہے۔