Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحافی کے انکشافات سے مودی اور انڈین میڈیا کا گٹھ جوڑ بے نقاب: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انڈین صحافی کی گفتگو کے حالیہ انکشاف سے مودی حکومت اور میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کا پتا چلتا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت انڈیا کو ایک بدمعاش ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات انڈین پولیس کی ری پبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی کے خلاف تحقیقات کے حوالے سے کہی ہے۔
ارنب گوسوامی اور ریٹنگ کمپنی کے سربراہ پرتھو داس گپتا کے مابین ہونے والی گفتگو کے اقتباسات کے مطابق ارنب گوسوامی نے 23 فروری 2019 کو داس گپتا کو متنبہ کیا تھا کہ ’ایک اور نوٹ پر کچھ اور بڑا ہوگا۔‘

 

عمران خان نے پیر کو ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ میری حکومت انڈیا کے جارحانہ منصوبوں اور مودی حکومت کی فسطائیت کا پردہ فاش کرتی رہے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بین الااقوامی برادری کو چاہیے کہ اس سے پہلے کہ مودی حکومت ہمارے خطے کو جنگ میں دھکیلے وہ انڈیا کو اس کے غیر ذمہ دارانہ اور جنگی عزائم سے روکے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’انڈیا کی پاکستان میں دہشت گردی، انڈیا کے زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پاکستان کے خلاف گذشتہ 15 برس سے چلائی جانے والی مہم کا راز افشا ہو چکا ہے۔ اب انڈیا کے اپنے میڈیا نے ناپاک گٹھ جوڑ کا  انکشاف کیا ہے جو ہمارے ایٹمی ہتھیاروں سے لیس خطے کو کشیدگی کی طرف دھکیل رہا ہے جس کا یہ متحمل نہیں ہو سکتا۔‘
عمران کا کہنا تھا کہ ’ اس صورتحال میں یہ سوچے بغیر اس کے خطے کے استحکام پر برے اثرات ہوں گے الیکشن جیتنے کے لیے ایک خطرناک فوجی مہم جوئی کی گئی۔ پاکستان نے ایک بڑی کشمکش سے بچنے کے لیے بالاکوٹ حملے کا ذمہ دار اور نپا تلا جواب دیا۔ مودی حکومت اب بھی انڈیا کو ایک بدمعاش ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے میں کہا تھا کہ مودی حکومت نے الیکشن میں جیت کے لیے بالا کوٹ حملہ کیا۔ جنگ کے خواہشمند انڈین صحافی کی گفتگو کے حالیہ انکشاف سے مودی حکومت اور میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کا پتا چلتا ہے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا تھا کہ ٹی آر پی معاملے میں ممبئی پولیس کے ریپبلک ٹی وی اینکر کے خلاف چارج شیٹ میں شامل تحریروں نے انڈیا کے مذموم ارادوں کو مزید بے نقاب کردیا اور پاکستان کے طویل عرصے سے قائم مؤقف کو درست ثابت کیا ہے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: