’جُھریاں آنے میں ابھی 10 سال باقی‘
جینیفر لوپیز کا کہنا ہے کہ 'ایماندای کی بات ہے میں اپنے چہرے پر ایک جھری بھی نہیں دیکھ سکتی' (فوٹو: گبرئیل گولڈمین)
امریکہ کی مشہور گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز نے چہرے پر بوٹوکس کروانے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ 'میرے چہرے پر جھریاں آنے میں ابھی 10 سال لگیں گے۔'
عرب نیوز کے مطابق دو دن پہلے لوپیز نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ اپنے جے لو بیوٹی فیس ماسک کے بعد چہرے کا نکھار دکھا رہی تھی۔
اس پر ان کے ایک فالوور نے ویڈیو کے نیچے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ لیکن کیا میں صرف اس بات کا ذکر کرسکتا ہوں کہ جب آپ بات یا اظہار کرنے کی کوشش کرتی ہیں تو، آپ کی پیشانی اور بھنویں بالکل ساکت رہتے ہیں۔ آپ نے لازمی طور پر بوٹوکس کروایا ہے اور بہت دفعہ کروایا ہے، صرف یہ کہوں گا، یہ سب اچھا ہے۔‘
اسی ویڈیو کے نیچے 51 سالہ گلوکارہ اور اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایمانداری کی بات ہے میں اپنے چہرے پر ایک جھری بھی نہیں دیکھ سکتی۔ میرا خیال ہے کہ میرے چہرے پر جھریاں آنے میں ابھی 10 سال لگیں گے۔‘
اپنے دفاع میں جینیفر لوپیز کا مزید کہنا تھا کہ 'بس یہ میرا چہرہ ہے! 50 ویں کروڑ دفعہ بتا رہی ہوں کہ میں نے کبھی بوٹوکس یا انجکشنز کا استعمال نہیں کیا نہ ہی سرجری کروائی۔‘