امارات: چھٹی کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانا ہوگی
امارات: چھٹی کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانا ہوگی
منگل 19 جنوری 2021 19:31
میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق آن لائن ہوسکے گی(فوٹوسوشل میڈیا)
اماراتی وزارت صحت نے سرکاری اور نجی صحت اداروں سے چھٹی کے لیے جاری میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے آٹھ شرائط مقرر کی ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بیماری کی چھٹی کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق شارجہ اور امارات کی شمالی ریاستوں میں آن لائن ہوسکے گی بشرطیکہ چھٹی کا دورانیہ پانچ دن یا اس سے کم ہو۔ اس کے لیے میڈیکل کمیٹی کی منظوری ضروری نہیں۔
اسی طرح اگر بیماری کی چھٹی کا دورانیہ پانچ دن سے زیادہ ہو اور ایک مہینے تک ہو تو اس کی تصدیق بھی آن لائن ہوگی اور اس پر فیس لی جائے گی- سروس چارجز کے طور پر 50 درہم وصول کیے جاتے ہیں-
وزارت کا کہنا ہے کہ اگر چھٹی کا دورانیہ ایک ماہ سے زیادہ ہو تو ایسی صورت میں تصدیق آن لائن ہوگی اور وزارت صحت کے میڈیکل پینل سے منظوری لی جائے گی۔ایک شرط یہ بھی ہے کہ بیماری کی چھٹی جاری کرنے والا صحت ادارہ لائسنس ہولڈر ہو۔
ایک شرط یہ بھی ہے کہ میڈیکل سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تاریخ اور تصدیق کی تاریخ میں ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ نہ گزرا ہو۔
وزارت صحت نے یہ شرط بھی عائد کی ہے کہ دبئی اور ابوظبی محکمہ صحت کے ماتحت ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز سے جاری ہونے والی بیماری کی چھٹیاں پہلے متعلقہ شہر میں واقع محکمہ صحت سے منظور کرائی جائیں پھر وزارت صحت سے آن لائن تصدیق ہو جبکہ متحدہ عرب امارات سے باہر کسی صحت ادارے سے جاری ہونے والی بیماری کی چھٹی یا میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کی توثیق وزارت خارجہ سے کرائی جائے گی۔
پانچ یا اس سے کم دن کی بیماری کی چھٹی کی تصدیق کرانے کے لیے اصل دستاویز پیش کرنا ہوگی۔ مریض کے شناختی کارڈ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی۔ پانچ دن سے زیادہ کی چھٹی کے سرٹیفکیٹ پر فیس لی جائے گی اور بیمار کے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی بھی جمع کرانا ہوگی۔
وزارت صحت نے شارجہ اور شمالی ریاستوں میں سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے چار اقدامات متعین کیے ہیں۔
آن لائن کارروائی ہوگی۔ چھٹی کی تفصیلات اور میڈیکل رپورٹ کا اندراج کرانا ہوگا، فیس دینا ہوگی۔ سرٹیفیکٹ آن لائن جاری ہوگا اور امیدوار کو پرنٹ کرکے دیا جائے گا۔
دبئی اور ابوظبی میں میڈیکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق آن لائن کارروائی کے ذریعے ہوگی۔ یہ کارروائی یوزر نیم اور پاسورڈ کے ذریعے انجام دی جائے گی۔ امیدوار کو چھٹی اور میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات کا اندراج کرنا ہوگا اور مطلوبہ دستاویزات منسلک کرنا ہوگی اور درخواست پیش کرنا ہوگی منظوری کے بعد فیس ادا کرنا ہوگی۔ آخر میں چھٹی کی منظوری کی دستاویز پرنٹ کرکے حوالے کی جائے گی۔
اگر چھٹی کا دورانیہ پانچ دن سے ایک ماہ تک کا ہوا تو ایسی صورت میں متعلقہ علاقے میں واقع میڈیکل ٹیم سے منظوری لینا ہوگی اس کے بعد فائل متعلقہ کمیٹی کے حوالے کی جائے گی اس کے فیصلے پر امیدوار کو میڈیکل کمیشن سے بیماری کی چھٹی کی منظوری حاصل ہوگی۔
آخری کارروائی کے طور پر بیماری کی چھٹی کی منظوری کے لیے درخواست پیش کی جائے گی اور کمیشن اس کا جائزہ لے گا اور فیصلہ صادر کرے گا۔