مصر اور امارات کے بھی قطر کے ساتھ فضائی رابطے بحال
مصر اور امارات کے بھی قطر کے ساتھ فضائی رابطے بحال
پیر 18 جنوری 2021 19:11
2017 کے بعد پہلی مرتبہ براہ راست پروازوں کا آغاز ہوا ہے۔( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات اور مصر نے علاقائی بحران کے خاتمے پر2017 کے بعد قطر کے ساتھ فضائی رابطے بحال کردیے۔ پیر کو پہلی مرتبہ براہ راست پروازوں کا آغاز کیا ہے۔
مصر اور متحدہ عرب امارات نے جون 2017 میں سعودی عرب اور بحرین کا ساتھ دیتے ہوئے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے اور یہ الزام لگایا تھا کہ وہ ایران کے بہت قریب ہے اور اسلامی شدت پسندوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ دوحہ نے اس الزام سے انکار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ساڑھے تین سال بعد قطر سے مصر جانے والی پہلی کمرشل پرواز پیر کو دوحہ ائیر پورٹ سے روانہ ہوئی ہے اس کے فورا بعد متحدہ عرب امارات میں شارجہ سے ائیرعربیہ کی پرواز دوحہ گئی ہے۔
دوحہ سے قاہرہ کے لیے براہ راست پروازیں بحال ہونے سے قطر میں مقیم مصری باشندوں کے لیے سفرآسان ہو جائے گا۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق تقریبا تین لاکھ مصری قطر میں مقیم ہیں بحران کے دوران ان میں سے بہت سے لوگ اپنے گھر جانے سے قاصر تھے۔
سعودی عرب اور قطر کے درمیان براہ راست پروازیں گیارہ جنوری سے شروع ہوئی ہیں۔ سعودی عرب نے قطر کے ساتط زمینی سرحد بھی کھول دی ہے۔
38 سالہ مصری انجینیئر کا کہنا ہے کہ’ بہت خوش ہوں، براہ راست پروازوں سے زندگی آسان ہوگی۔ خاص طور پر خاندان اور بچے جو ایئر پورٹس، طیارے بدلنے اور ٹرانزٹ پروازوں کے لیے گھنٹوں انتظار کی زحمت سے بچ جائیں گے۔
قطر میں مصری تعلیم، ہیلتھ کیئراورانجینئیرنگ سمیت متعدد شعبوں میں کام کرتے ہیں تاہم کورونا کی وبا کے وجہ سے بحران کے باعث قطر میں غیر ملکی ورک فورس کی اکثریت اپنی ملامت کھو چکی ہے۔