بختاور بھٹو کی شادی 30 جنوری کو، دعوت نامے جاری
جمعہ 22 جنوری 2021 19:40
توصیف رضی ملک -اردو نیوز، کراچی
بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر محمود چوہدری جمعےکو کراچی پہنچے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب رواں ہفتے 30 جنوری کو ہونا قرار پائی ہے جس کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔
بختاور کی منگنی گزشتہ برس نومبر میں محمود چوہدری سے ہوئی تھی۔ اس موقع پر کراچی بلاول ہاؤس میں تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں دونوں گھرانوں کے افراد کے علاوہ بااثر سیاسی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی تھی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ان دنوں کورونا کا شکار اور قرنطینہ میں تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اسی گھر میں ہوتے ہوئے اپنی بہن کی منگنی میں آن لائن شرکت کی تھی۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولسائی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کورونا کی وجہ سے شادی کی زیادہ تقریبات نہیں رکھی جارہی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کی ایک تقریب 30 جنوری کو رکھی گئی ہے جس کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے بھجوائے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بختاور بھٹو زرداری کے منگیتر محمود چوہدری جمعے کو کراچی پہنچے ہیں۔
ان کی فیملی کا متحدہ عرب امارات میں کاروبار ہے اور زیادہ وقت وہ وہی مقیم ہوتے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان بلاول ہاؤس نے بختاور بھٹو کی شادی میں ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کرنے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ شادی میں 300 سے کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شادی کی تقریب تمام تر کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے بلاول ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔
بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات اگلے ہفتے سے شروع ہوں گی۔