دنیا کا پہلا ٹرانسپلانٹ، 11 ہزار وولٹ بجلی سے جھلسنے والے بازو واپس مل گئے
دنیا کا پہلا ٹرانسپلانٹ، 11 ہزار وولٹ بجلی سے جھلسنے والے بازو واپس مل گئے
ہفتہ 23 جنوری 2021 16:33
فیلکس گریٹارسن کے ساتھ حادثہ 1998 میں پیش آیا (فوٹو: الامے)
آئس لینڈ کے ایک الیکٹریشن 20 برس قبل بجلی کے 11 ہزار وولٹ کے تاروں پر کام کر رہے تھے کہ اس دوران بجلی کے جھٹکے سے اپنے دونوں بازووں سے محروم ہوگئے تھے تاہم اب فرانس میں ایک کامیاب آپریشن میں انہیں دونوں بازو مل گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس کے جنوب مشرقی شہر لیون میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد فیلکس گریٹارسن کی حالت بحال ہو رہی ہے۔
تاہم ڈاکٹر ابھی اس بات پر کچھ نہیں کہہ سکتے کہ 48 سالہ فیلکس گریٹارسن کے بازو کس حد تک حرکت میں آئیں گے۔
آپریشن کے لیڈ سرجن آرم گازاریئن نے جمعے کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ 'اگر وہ ٹھیک سے اپنی کوہنی ہلا سکیں گے تو یہ ایک بہت بڑی تبدیلی ہوگی۔'
12 جنوری 1998 کو فیلکس گریٹارسن ایک ہائی وولٹیج پاور لائن پر کام کر رہے تھے کہ انہیں 11 ہزار وولٹ کا جھٹکا لگا جس سے ان کے دونوں ہاتھ جھلس گئے اور وہ برفانی زمین پر جا گرے۔
انہیں جسم پر بہت سی جگہوں پر فریکچر ہوا اور اندرونی زخم بھی آئے۔ وہ تین مہینے تک کومے میں رہے جس دوران ڈاکٹروں نے ان کے دونوں بازو کاٹ دیے۔
اس وقت ان کے اور بھی آپریشنز ہوئے جس میں جگر کا ٹرانس پلانٹ بھی شامل تھا۔
جب فرانس کے شہر لیون میں رہنے والے ہاتھوں کے ٹرانس پالانٹ کے ماہر میشیل ڈوبرنارڈ ایک کانفرنس کے لیے آئس لینڈ کے شہر ریکاوک گئے تو فیلکس گریٹارسن نے ان سے پوچھا کہ آیا انہیں اپنے اعضا کا متبادل مل سکے گا؟
جمعے کی نیوز کانفرنس میں فیلکس گریٹارسن کی اہلیہ سلویا کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن ان کے شوہر کا 'سب سے بڑا خواب' تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ذاتی طور پر نہیں لگتا تھا کہ آپریشن ضروری ہوگا کیونکہ فیلکس گریٹارسن میں 'کسی چیز کی کمی نہیں تھی'۔
فیلکس گریٹارسن کو بازو کا عطیہ دینے والے ڈونرز ملنے میں کئی سال لگے۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ دائیں بازو کے ٹھیک ہونے کے امکانات زیادہ ہیں، تاہم انہوں نے بتایا کے آپریشن کو نو دن ہو گئے ہیں لیکن کوئی سنجیدہ مسئلہ درپیش نہیں ہوا ہے۔
2010 میں آپریشن کی تیاری کا اغاز کرنے والے سرجن لیونل بیڈٹکا کہنا تھا کہ 'اس سطح کی ایمپیوٹیشن کے ساتھ ہم کوئی وعدہ نہیں کر سکتے۔ لیکن ہم انہیں ساری زندگی سپورٹ کریں گے۔'