Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان: طالبان کا کورونا ویکسین مہم کی ’حمایت اور معاونت‘ کا اعلان

افغانستان میں کورونا وائرس کے 54 ہزار 854 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دو ہزار 390 افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت کے کوویکس پروگرام کی جانب سے افغانستان کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے ایک سو 12 ملین ڈالرز کی فراہمی کے وعدے کے بعد طالبان نے ملک میں کورونا وائرس کی ویکسین کی مہم کی حمایت کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ملک میں مسلسل پرتشدد کارروائیوں کے دوران ہی حکومت حفاظتی ٹیکوں کی مہم چلائے گی۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ’طالبان مراکز صحت کے ذریعے ویکسین مہم کی ’حمایت اور معاونت‘ کی جائے گی‘
حکام کا ماننا ہے کہ عسکریت پسند ویکسین مہم کی ٹیموں کو ہدف نہیں بنائیں گے کیونکہ ٹیمیں مہم کے لیے گھر گھر نہیں جائیں گی۔
فنڈنگ کا اعلان کرتے ہوئے افغان محکمہ صحت کے ایک افسر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ملک کی 38 ملین آبادی کے 20 فیصد حصے کو ویکسین لگائی جائے گی۔
کوویکس ایک عالمی پروگرام ہے جو غریب اور اوسط آمدنی والے ممالک کو ویکسین فراہم کرے گا۔
افغانستان کے ڈپٹی وزیر صحت وحید مجروح نے صحافیوں کو بتایا کہ ویکسین حاصل کرنے میں چھ مہینے کا وقت لگنا تھا تاہم حکام جلد از جلد ویکسین حاصل کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
افغانستان میں کورونا وائرس کے 54 ہزار 854 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ وائرس کی وجہ سے دو ہزار 390 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ’سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے افغانستان میں کورونا کے کیس کم رپورٹ ہوئے ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ ’کم ٹیسٹوں اور صحت کی سہولیات تک محدود رسائی کی وجہ سے کورونا کے کیسوں کی کم تعداد رپورٹ ہوئی ہے۔‘
افغان وزارت صحت میں ایکسپینڈڈ امیونائزیشن پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر غلام دستگیر نذری کا کہنا ہے کہ ’کوویکس کے علاوہ انڈیا نے بھی افغانستان کو آسٹرازینکا ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں دینے کا وعدہ کیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آسٹرازینکا ویکسین جلد افغانستان پہنچ جائے گی۔‘
انڈین حکومت کے ایک ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے لیے ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں رکھی گئی ہیں جبکہ ایک اور عہدیدار کے مطابق ویکسین کی پہلی کھیپ فروری میں افغانستان پہنچ جائے گی۔

شیئر: