Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے پاکستان کے سرد علاقوں میں ’ونٹر کِٹس‘ کی تقسیم

خیبرپختونخوا، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں سامان تقسیم کیا گیا (فوٹو : رابطہ عالم ا سلامی)
سعودی عرب کے فلاحی ادارے رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے شمالی پاکستان کے علاقوں میں موسم سرما کی کِٹس کی تقسیم کا کام شروع کر دیا گیا ہے جن میں خصوصی طور پر خیبرپختونخوا، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے شامل ہیں۔
موسم سرما کے حوالے سے ریلیف کے اس منصوبے کا آغاز پچھلے جمعے کو کیا گیا تھا اور اس کے مطابق لوگوں میں کمبل، گرم کپڑے اور دوسرا ضروری سامان تقسیم کیا جانا تھا۔
اس حوالے سے پچھلے جمعے کو دار علی بن طالب اسلام آباد میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی تھی۔
اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے پاکستان کے مختلف پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریب اور نادار لوگوں کے لیے 20 ٹرکوں پر مشتمل ’ونٹر ریلیف پیکیج‘ روانہ کر دیا گیا ہے۔
تقریب میں پاکستان کے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی، رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالرحمان الزید اور ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود الحارثی نے شرکت کی تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا تھا کہ ’سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ زلزلہ سیلاب یا کوئی بھی قدرتی آفت ہو، سعودی عرب پاکستانی عوام کی مدد کرنے والا پہلا ملک ہوتا ہے۔ اس بے پناہ محبت، تعاون اور خلوص پر پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں۔‘

20 ٹرکوں پر مشتمل ونٹر ریلیف پیکیج پچھلے جمعے کو روانہ کیا گیا تھا (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی)

انہوں نے کہا کہ ’رابطہ عالم اسلامی کے اس ونٹر پیکیج میں سرد علاقوں کے لیے سات ہزار کمبل اور اشیائے ضروریہ کے پیکٹ بھجوائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر رابطہ عالمی اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی خصوصی شرکت پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالرحمان الزید نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ’انسانوں کی فلاح و بہبود دین اسلام کا خاصا ہے۔ ایک دوسرے کا خیال رکھنے سے ہمارے دلوں میں باہمی محبت بڑھتی ہے۔‘

ریلیف پیکیج کے حوالے سے پچھلے جمعے کو دار علی بن طالب اسلام آباد میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی تھی (فوٹو: رابطہ عالم اسلامی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’انسانیت کی مشکلات کم کرنا رابطہ عالم اسلامی کا فرض ہے۔ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
اس موقع پر مہمانان گرامی نے دار علی بن ابی طالب میں زیر تعلیم یتیم بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے تھے۔

شیئر: