Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادی ڈیانا کی زندگی پر ایک اور فلم،’ایک لمحے کو یوں لگا کہ واقعی ڈیانا ہے‘

شہزادی ڈیانا کا کردار اداکارہ کرسٹین سٹیوورٹ نبھا رہی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
شہزادی ڈیانا سپنسر کی زندگی پر ایک اور فلم بننے جا رہی ہے جس کی معمولی سی جھلک منظر عام پر آئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ’سپنسر‘ نامی اس فلم میں امریکی اداکارہ کرسٹین سٹیوورٹ نے برطانوی شہزادی ڈیانا کا کردار نبھایا ہے۔
کرسٹین سٹیوورٹ کی لیڈی ڈیانا کے روپ میں پہلی تصویر آج جمعرات کو شائع کی گئی ہے جس میں وہ بالکل اپنے اصلی کردار کے ہو بہ ہو دکھائی دے رہی ہیں۔
اس فلم کا سکرپٹ سٹیون نائٹ نے لکھا ہے جو دراصل شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی زندگی کے اس لمحے کے گرد گھومتا ہے جب لیڈی ڈیانا نے اپنی پریشان کن شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
یہ فلم اس ایک ویک اینڈ کی کہانی بیان کرتی ہے جب لیڈی ڈیانا شاہی خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزارنے گئی ہوئی تھیں۔
دسمبر 1991 میں شہزادی ڈیانا کے اپنے شوہر شہزادہ چارلس کے ساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار ہو گئے تھے۔ لیکن اس کے باوجو دیکھنے والوں کو حالات معمول کے مطابق ہی دکھائی دے رہے تھے۔
سینڈرنگھم سٹیٹ جہاں شاہی خاندان کی ذاتی نوعیت کی مصروفیات اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، وہیں سال 1991 میں بھی کرسمس کا جشن منایا گیا تھا جس میں لیڈی ڈیانا سمیت خاندان کے دیگر افراد بھی شریک تھے۔

سال 1992 میں شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس میں علیحدگی ہو گئی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

معمول کے مطابق کھانا پینا، شکار اور دیگر سرگرمیاں جاری تھیں لیکن شہزادی ڈیانا کو معلوم تھا کہ حالات میں تبدیلی آنے والی ہے۔ شاید یہ وہی ویک اینڈ تھا جب لیڈی ڈیانا نے شہزادہ چارلس سے علیہدگی کی خواہش کے حوالے سے شاہی خاندان کو آگاہ کیا تھا۔
سال 1992 میں شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی، لیکن طلاق اگست 1996 میں ہوئی تھی۔
کرسٹین سٹیوورٹ کی شہزادی ڈیانا کے روپ میں تصویر شیئر ہوتے ہی ٹوئٹر صارفین کے تبصرے شروع ہو گئے۔
ایک ٹوئٹر صارف کیٹلین نے ڈیانا اور اداکارہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک لمحے کو مجھے یوں لگا کہ یہ واقعی ڈیانا ہے۔‘
ایک اور ٹوئٹر صارف نے بھی ڈیانا کی پرانی تصویر اداکارہ کے ساتھ لگائی اور دونوں کی حیران کن مماثلت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ، خیال رہے کرسٹین سٹیوورٹ بائیں جانب والی ہیں۔
اس فلم کی شوٹنگ جرمنی اور برطانیہ میں کی جائے گی۔
اگلے سال 2022 میں شہزادی ڈیانا کی موت کو 25 سال ہو جائیں گے۔ اسی موقع پر فلم کی ریلیز متوقع ہے۔

شیئر: