سعودی عرب میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد پر تشویش
مملکت میں اب تک ایک کروڑ 22 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا کیسز میں ’تشویشناک‘ حد تک اضافہ ہوا ہے اور اس کی وجہ بڑھتے ہوئے اجتماعات پر کورونا پابندیوں کی خلاف ورزیاں بتائی گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب میں کورونا کیسز کی روزانہ کی تعداد دو سو تک پہنچ گئی ہے اور سب سے زیادہ کیسز ریاض میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق سنیچر کو 270 نئے کیسز سامنے آئے جس کی بعد کیسز کی کل تعداد تین لاکھ 67 ہزار 813 ہو گئی ہے۔
کئی ماہ سے کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد کم ہو رہی تھی اور صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا، لیکن گذشتہ ہفتے کورونا پبندیوں کی خلاف ورزیاں ہوئیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 19 سو سے 22 سو کے درمیان آ گئی ہے۔
حکام نے سماجی اجتماعات اور کورونا پابندیوں کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت 2142 ایکٹو کیسز ہیں جن میں سے 352 کی حالت تشویشناک ہے۔
سنیچر کو ریاض میں 105 کیسز رپورٹ ہوئے، مشرقی صوبے میں 66 ، مکہ مکرمہ میں 40 ، مدینہ میں 16 جبکہ باقی ریجنز میں 10 سے کم کیسز سامنے آئے ہیں۔
سنیچر کو تین سو افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی کل تعداد تین لاکھ 59 ہزار 299 ہو گئی ہے۔ مملکت میں صحتیاب ہونے والوں کی شرح 97.6 فیصد ہے۔
سعودی عرب میں سنیچر کو چار اموات سامنے آئیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد چھ ہزار 372 تک پہنچ چکی ہے۔
مملکت میں اب تک ایک کروڑ 22 لاکھ ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 36 ہزار ٹیسٹ کیے گئے۔
وزارت صحت نے لوگوں کو کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنے اور انتطامیہ کی طرف سے کیے جانے والے اعلانات پر عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔