ایسی صورت میں کورونا ٹیسٹ کے نتیجے پرکوئی فرق پڑے گا۔ (فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ زکام سے متاثرہ شخص کا کورونا ٹیسٹ متاثر نہیں ہوتا ، زکام کی حالت میں کووڈ 19 ٹیسٹ پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
اخبار 24 کے مطابق ایک سعودی خاتون نے وزارت صحت سے دریافت کیا تھا کہ وہ زکام کی دائمی مریضہ ہے اور اس کے گلے میں گھٹن رہتی ہے۔ کبھی کبھار ہی اس عارضے سے اسے افاقہ ہوتا ہے۔ یہ جاننا چاہتی ہوں کہ کیا ایسی صورت میں کورونا ٹیسٹ کے نتیجے پرکوئی فرق پڑے گا۔
وزارت صحت نے ٹوئٹر پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اطمینان رکھیں زکام سے کورونا ٹیسٹ کے نتیجے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اگر ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی تو اس کا مطلب ہوگا کہ آپ کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔
یاد رہے کہ عرب میں گذشتہ دنو ں سے کورونا کے نئے کیسز مسلسل 200 سے زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ’ گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 270 نئے مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 293 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔‘