وزارت صحت کے ترجمان کی اہم پریس بریفنگ اتوار کو
کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے بھی اہم معلومات فراہم کی جائے گی۔ ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان اتوار 31 جنوری کو کورونا وائرس کے حوالے سے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیں گے۔
ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی کے ہمراہ وزارت بلدیات والاسکان (رہائشی ) امور کے سیکریٹری ڈاکٹر احمد قطان بھی شرکت کریں گے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی پریس کانفرنس کے دوران گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے حوالے سے کیے گئے اہم استفسارات کی وضاحت کریں گے جبکہ کورونا ویکسینیشن کے اعداد وشمار کے حوالے سے بھی اہم معلومات دیں گے۔
پریس کانفرنس میں شریک ہونے والے وزارت بلدیات اور رہائشی امور کے سیکریٹری ڈاکٹر احمد قطان رہائشی خلاف ورزیوں اور اس حوالے سے وزارت کی پیش رفت کے متعلق آگاہ کریں گے۔
واضح رہے وزارت صحت اور بلدیات نے کارکنوں کی اجتماعی رہائش کے حوالے سے قواعد مرتب کیے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے۔
قواعد کے مطابق وہ لیبر کیمپس جو مقررہ اصولوں کے تحت کارکنوں کو رہائشی سہولتیں فراہم نہیں کرتے انہیں لائسنس جاری نہیں کیاجاتا۔
کارکنوں کی اجتماعی رہائشی سہولتوں کے حوالے سے وزارت رہائش کا کہنا ہے کہ لیبرکیمپس میں فاصلے کےاصول کو انتہائی اہمیت دی گئی ہے جبکہ کیمپوں میں تازہ ہوا کی آمد رفت کا بھی انتظام ہونا لازمی ہے۔