Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیم سے ڈراپ ہونے پر حفیظ کا ردعمل: ’بے شک ﷲ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے‘

محمد وسیم کے مطابق حفیظ نے تین فروری سے شروع ہونے والے بائیو سکیور ببل کے لیے اپنی دستیابی سے آگاہ نہیں کیا ۔(فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے اپنے 20 رکنی سکواڈ سے ان فارم بیٹسمین محمد حفیظ کو بائیو سکیور ببل کے لیے عدم دستیابی کی بنیاد پر ڈراپ کیا ہے۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کے مطابق حفیظ نے تین فروری سے شروع ہونے والے بائیو سکیور ببل کے لیے اپنی دستیابی سے آگاہ نہیں کیا اس لیے انہیں سیریز کے لیے سلیکٹ نہیں کیا گیا۔

 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینیئر ترین بیٹسمنوں میں سے ایک حفیظ اس وقت اپنی کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں جنہوں نے گزشتہ 12 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 100 کی اوسط اور 153 کے سٹرائیک ریٹ سے 502  رنز بنائے ہیں۔
ان فارم بیٹسمین کو جنوبی افریقہ کے خلف سیریز کے لیے  منتخب نہ کرنے پر ٹوئٹر صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
سکواڈ کے اعلان پر اپنے ردعمل میں محمد حفیظ نے مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر 20 رکنی سکواڈ کے ناموں پر مشتمل پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’بے شک ﷲ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔‘

ڈینیس کرکٹ نامی ہینڈل سے تبصرہ کیا گیا، ’محمد حفیظ نےجانے سے پہلے پی سی بی کو بتایا تھا کہ وہ چھ فروری کو واپس آیئں گے جب کہ پی سی بی نے کہا کہ اگر وہ تین فروری تک واپس نہیں آئیں گے تو ان کو غیر دستیاب سمجھا جائے گا، یہ سب معاملات ان کے امارات جانے سے پہلے طے تھے اور ان کو پتا تھا۔ ان کی سیلیکشن نہ ہونا سو فیصد ان پر ہے۔  انہوں نے جوا کھیلا اور وہ ہار گئے۔ محمد وسیم نیا پی سی بی ہیں۔‘
محمد حفیظ کیٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے محمد حفیظ کو سیلیکٹ نہ کرنے پرپی سی بی کو جانبداری کا مرتکب ٹہرا رہے ہیں۔

ٹوئٹر ہینڈل خضر حیات یوسفزئی نے لکھا،  ’نہ شرجیل خان نہ مُحمّد حفیظ نہ اعظم خان نہ شعیب ملک نہ فخر زمان نہ عماد وسیم کیا افتخار اور خوشدل شاہ جیسے پلیئرز پاکستان کو میچز جتوائیں گے؟ کیا وسیم خان ساؤتھ افریقہ کو زمبابوے سمجھ رہا ہے؟ میرے نزدیک پاکستانی ٹی 20 کی تاریخ کے بد ترین سکواڈ  کا اعلان ہوا۔‘

جہاں سوشل میڈیا صارفین محمد حفیظ کو ٹیم میں سیلیکٹ نہ کرنے پر پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں وہی کچھ صارفین محمد حفیظ کو جذباتی نہ ہونے کی تلقین کرتے ہوئے بھی دیکھائی دے رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف واجد علی نے لکھا ’بھائی اب ایموشنل نہ ہوں، 15 سال میں دس میچز میں پرفارم کرکے آپ ایروگنٹ ہو گئے ہیں،آسان سی لاجک ہے تین فروری کو آجائیں جیسے آصف علی آرہا ہے اگر نہیں آسکتے تو یہ آپ کی غلطی ہے ایک انسان کے لیے پروٹوکول تبدیل نہیں کیا جا سکتا، اگر کوئی اور بات ہے تو کھل کر بتائیں۔‘

ٹوئٹر ہینڈل ولی عہد کرپشن کا کہنا تھا کہ کیوں کرکٹ کا نواز شریف بننے کا شوق ہے آپ کو اب آرام کریں اور نوجوانوں کو چانس دیں۔‘
تاہم کئی صارفین کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ اب تک فٹ ہیں اس لئے ان کو چانس ملنا چاہئے۔

شیئر: