Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے تین چوتھائی نئے کیسز کی وجہ سماجی تقریبات‘

 کورونا کے نئے کیسز مسلسل 200 سے زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
 سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں کورونا وائرس کے تین چوتھائی نئے مصدقہ کیسز سماجی تقریبات کی وجہ سے ہوئے ہیں‘۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر العبد العالی نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا کہ’ وہ سماجی تقریبات کے حوالے سے مقرر ضوابط کی سختی سے پابندی کریں اور لاپروائی نہ برتیں‘۔ 
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے ہی کورونا وائرس سے متاثرین کے کیسز بڑھے ہیں‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ’ جنوری کے آخر میں نئے مصدقہ کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تین چوتھائی سے زیادہ کیسز سماجی پروگراموں کی وجہ سے ہوئے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’اب تک چار لاکھ چالیس ہزار سے زیادہ مقامی شہری اور مقیم غیرملکی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ دنو ں سے کورونا کے نئے کیسز مسلسل 200 سے زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔ 
 اتوار کو گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 261 نئے مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 274 افراد وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

شیئر: