Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم نئے کورونا وائرس سے محفوظ نہیں: وزیر صحت

’گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اس کی بنیاد وجہ حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کرنا ہے‘ (فوٹو: الرجل)
وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک کورونا وائرس کی نئی لہر کی زد میں ہیں۔ نیا کورونا وائرس زیادہ خطرناک اور مہلک ہوسکتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم نئے کورونا وائرس سے محفوظ نہیں ہیں لہذا ہمیں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے‘۔
’گزشتہ دنوں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، اس کی بنیاد وجہ حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کرنا ہے‘۔
’یہ انتہائی خطرناک امر ہے، ہم واپس لاک ڈاؤن اور کرفیو کی طرف نہیں جانا چاہتے، ہم وائرس کو پھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے‘۔
وزیر صحت نے کہا ہے کہ ’اب تک جو کامیابی حاصل ہوئی ہے وہ لوگوں کے تعاون سے ممکن ہوئی ہے، ہم بہت آگے نکل چکے ہیں، اب دوبارہ پیچھے نہیں جانا چاہتے‘۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ ’سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہاں معاملات بہت قابو میں ہیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہمیں تحفظ مل گیا ہے‘۔
انہوں نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’ایس او پیز اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا بہت ضروری ہے، بھیڑ سے بچیں، ہر طرح کے اجتماعات سے دور رہیں ، بار بار ہاتھ دھوئیں اور ماسک کا اہتمام کریں‘۔

شیئر: