یمن میں 23 ماڈل سکول قائم، ہسپتالوں کو طبی آلات کی فراہمی
یمن میں 23 ماڈل سکول قائم، ہسپتالوں کو طبی آلات کی فراہمی
بدھ 3 فروری 2021 19:06
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے تحت منصوبے مکمل ہوئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب نے یمن کے متعدد گورنریٹس میں 23 ماڈل سکول قائم کیے ہیں۔
سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن (ایس ڈی آر پی وائی) کے تحت جن گورنریٹس میں یہ سکول قائم کیے گئے ہیں ان میں المھرہ، سقطری، عدن، تعز، حضر موت، مارب اور حجہ شامل ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایس ڈی پی آر وائی نے یہ سکول تمام یمنی بچوں کی تعلیم کے معیار کو بہتر اور یقینی بنانے اور بلا امیتاز قابلِ رسائی کے لیے بنائے ہیں۔
واضح رہے کہ ایس ڈی آر پی وائی سات اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرتی ہے، جن میں زراعت اور ماہی گیری، صحت، پانی، تعلیم، توانائی، نقل و حمل اور حکومت اور سرکاری شعبے کے بنیادی ڈھانچے شامل ہیں۔
ایس ڈی آر پی وائی نے ان شعبوں میں اب تک 198 منصوبے مکمل کیے ہیں۔
زراعت اور ماہی گیری میں ایس ڈی آر پی وائی کے زیر قیادت دیگر اقدامات میں 4 لاکھ 35 ہزار مربع میٹر سے زیادہ گندم کی کاشت بھی شامل ہے تاکہ کاشتکاری اور ماہی گیری دونوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو۔
پروگرام میں آؤٹ بورڈ موٹروں سے لیس 220 ماہی گیری کشتیاں بھی مہیا کی گئیں ہیں اور ان کی مرمت اور بحالی کی سہولیات بھی تعمیر کی گئیں۔
اس پروگرام کے تحت صحت کے شعبے میں یمن کے سپتالوں کو جدید ترین طبی آلات مہیا کیے گئے ہیں جس میں الجوف سپتال بھی شامل ہے جو ایک مہینے میں 18 ہزار مریضوں کی خدمت کر رہا ہے۔
ایس ڈی آر پی وائی نے کارڈیالوجی سینٹر بھی بنایا ہے، 20 مریضوں کی گنجائش کے ساتھ ایک مکمل خدمت ڈائلسس سینٹر تعمیر کیا ہے، یمن میں سات جنرل ہسپتالوں اور صحت کی دیکھ بھال کے کلینکوں کی توسیع کرنے کے علاوہ انہیں بہتر کیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی نئی اتحادی حکومت نے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی موجودگی میں ریاض میں حلف اٹھایا جس کے بعد جنوبی یمن کے صوبوں کے مابین مہینوں سے جاری تشدد اور سیاسی تصادم کا خاتمہ ہو گیا جس نے حوثی مخالف اتحاد کو کمزور کر دیا تھا۔