حسن علی کا کمال، پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ
حسن علی کا کمال، پاکستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف کلین سویپ
پیر 8 فروری 2021 7:54
محمد رضوان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ دوسرے میچ میں ہرا کر کلین سویپ کر دیا ہے۔
یہ پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔
ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستانی بولرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کو لڑکھڑانے پر مجبور کر دیا اور میچ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔
حسن علی نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں، شاہین شاہ آفریدی نے چار وکٹیں لی ہیں اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ایڈن مارکرم نے 13 چوکوں اور تین چھکوں سے اپنی سنچری مکمل کی لیکن حسن علی نے انہیں 108 رنز پر پولین کی راہ دکھائی۔
اس کے بعد کپتان ڈی کاک آئے لیکن انہیں بھی حسن علی نے صفر پر آؤٹ کر دیا۔
تمبا باووما نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تو کچھ ہی دیر بعد شاہین شاہ آفریدی نے انہیں 61 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ جارک لنڈے نے چار رنز ہی بنائے تھے کہ حسن علی نے انہیں بھی اپنا شکار بنا لیا۔
پیر کو دوسری اننگز کا آغاز ہوتے ہی حسن علی نے راسی وان ڈرڈیوسن کو 48 رنز پر کلین بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد فاف ڈپلیسی آئے لیکن حسن علی نے انہیں سنبھلنے سے پہلے ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
اتوار کو جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر ڈین الگر 17 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد ایڈن مارکرم اور راسی وان ڈرڈیوسن اپنی ٹیم کو دباؤ سے نکالا اور 94 رنز کی شراکت داری بنا ڈالی۔ مارکرم نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 71 گیندوں پر 50 رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل ہیں۔
اس سے پہلے اتوار کو پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔
محمد رضوان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔
حسن علی کو کشیو مہاراج نے پانچ رنز بنانے کے بعد آؤٹ کر دیا۔ یاسر شاہ 23 رنز بنا کر لنڈے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو دوسری اننگز میں 200 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے ہرایا تھا۔
پاکستان نے پنڈی ٹیسٹ میچ جیت کر 2003 کے بعد جنوبی افریقہ سے پہلی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔