سعودی شوریٰ کونسل کے سربراہ نے حوثی حملوں کو ’جنگی جرائم‘ قرار دے دیا
سعودی شوریٰ کونسل کے مطابق حوثی حملوں کا مقصد سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے مملکت میں حوثی میزائل حملے کی تازہ کوشش کی مذمت کی اور ملیشیا کی جانب سے بار بار کیے جانے والے فضائی حملوں کو جنگی جرائم قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کے روز سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے حوثی گروہ کی جانب سے جاری دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری سے فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ نے یہ بات یمن میں قانونی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی قیادت میں اتحاد کے اس بیان کے بعد کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ’انہوں نے سویلین اہداف کی طرف حوثیوں کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کو راستے میں تباہ کر دیا۔‘
سعودی قیادت میں اتحاد نے کہا تھا کہ ’ہم بین الااقومی قانون کے مطابق دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور ان پر عمل درآمد کرنے والوں کو پوری طرح سے جوابدہ بنائیں گے۔‘
الشیخ نے حوثی ڈرون اور میزائل حملوں کو منظم جنگی جرائم قرار دیا جس کی بین الااقومی سطح پر بھی مذمت کی گئی تھی کیونکہ ’وہ شہریوں کی سلامتی اور جانوں کو نشانہ بناتے ہیں اور امن ختم کرتے ہیں۔‘
انہوں نے بین الااقومی برادری پر زور دیا کہ وہ حوثیوں اور ان کے پیچھے کھڑے لوگوں کے خلاف مضبوط موقف اپنائے تاکہ ’ان کاروائیوں کا مقابلہ کیا جا سکے جو بین الااقومی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔‘
سعودی شوری کونسل کی جانب سے ’ابہا انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر حملے اور اس جیسے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی جو حوثیوں نے برسوں سے جاری رکھے ہیں اور جن کا مقصد سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔‘