اقوام متحدہ حوثی خطرے کو روکنے کی ذمہ داری نبھائے: سعودی عرب
اقوام متحدہ حوثی خطرے کو روکنے کی ذمہ داری نبھائے: سعودی عرب
جمعہ 12 فروری 2021 8:13
حوثی ملیشیا نے بدھ کو ابہا ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب نے اقوام متحدہ سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں سے لاحق خطرے کو روکنے کی ذمہ داری نبھانے کا کہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مندوب نے سیکیورٹی کونسل کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے حوثی ملیشیا کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرے کا سدباب کیا جائے۔
سعودی عرب کے مندوب عبداللہ المعلمی نے اقوام متحدہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے خطرے کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے۔
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے تمام رکن ممالک سے حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ اقدامات کی شدید مذمت کرنے کا کہا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کے جنگجو بین الاقوامی قوانین اور سیکیورٹی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن سے سعودی عرب پر مسلسل حملے کر رہے ہیں۔
خط میں حوثیوں کے ابہا ایئر پورٹ پر حالیہ ڈرون حملے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں ایک مسافر جہاز کو آگ لگ گئی تھی۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے دہشت گردانہ اقدامات کا شمار ’جنگی جرائم‘ میں ہوتا ہے جن میں عوامی انفراسٹرکچر اور سویلین کو نشانہ بنایا جائے۔
سعودی مندوب عبداللہ المعلمی نے حوثی ملیشیا کو بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت جوابدہ ٹھہرانے کا کہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی یمن مسئلے کے سیاسی حل کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں، بلکہ علاقائی سالمیت اور عالمی امن کے لیے عدم استحکام کا سبب بھی ہیں۔
سعودی عرب کے مندوب نے اقوام متحدہ میں برطانیہ کی سفیر باربرا وڈ ورڈ کو خط میں مخاطب کیا تھا جو سیکیورٹی کونسل کی صدر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔
خط کی ایک کاپی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھی بھیجی گئی ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کو حوثی ملیشیا نے ابہا ایئر پورٹ پر ڈرون حملہ کیا تھا جس سے ایک مسافر طیارے کو بھی آگ لگ گئی تھی، تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا تھا۔
سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ نے سعودی عرب پر بار بار کیے جانے والے حوثی فضائی حملوں کو جنگی جرائم قرار دیا ہے۔