Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں چار فوجی اہلکار ہلاک

جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں واقع چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کرنے والے چار دہشت گرد جوابی کارروائی میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں چار فوجی اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو رات گئے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں واقع سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔

 

حملے کے بعد فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے چار اہلکار بھی اپنی جان سے گئے۔ مرنے والے فوجی جوانوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی عزیز اور سپاہی انیس الرحمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان کے ساتھ لگنے والے اس سرحدی علاقے میں پاکستان کی فوج طویل عرصے سے شدت پسند عناصر کے خاتمے کے لیے جنگ میں مصروف ہے۔

شیئر: