پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کسانوں کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں ٹریکٹر ریلی نکالنے پر 184 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ضلع پاک پتن کے تھانہ فرید نگر میں درج کی گئی ایف آئی آر میں پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی، بغیر اجازت ریلی نکالنے اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
دہلی میں ٹریکٹر ریلی: کسانوں نے لال قلعے پر اپنا جھنڈا لہرا دیاNode ID: 535731
اسسٹنٹ کمشنر پاکپتن خاور بشیر کی مدعیت میں درج کی جانے والی ایف آئی آر میں 14 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 170 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو میں اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ’کسانوں کا احتجاج میرے دفتر کے سامنے ہوا۔ اس احتجاج میں قانون کی خلاف ورزی ہوئی جس پر بطور انتظامی افسر کارروائی کرنا ہماری ذمہ داری ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے ایف آئی آر درج کرائی گئی۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’ایف آئی آر کا تعلق کسانوں کے مطالبات یا احتجاج سے نہیں بلکہ بغیر اجازت ریلی نکالنے اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی سے ہے۔‘
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’پاکستان کسان اتحاد کی بڑی ٹریکٹر ریلی فرید نگر سے ہوتی ہوئی ریلوے گراؤنڈ پہنچی۔ ریلی کی قیادت صدر کسان اتحاد پنجاب چوہدری رضوان اقبال کر رہے تھے۔ ریلوے گراؤنڈ پہنچ کر چوہدری رضوان نے اپنے مطالبات کے حوالے سے باقاعدہ تقریر کی اور کہا کہ 31 مارچ تک مطالبات نہ مانے گئے تو لاہور اور اسلام آباد کی جانب بڑا ٹریکٹر مارچ کریں گے۔‘
ایف آئی آر کے مطابق ’کسان اتحاد نے بغیر اجازت ریلی نکال کر ڈنڈوں، سوٹوں کے ذریعے طاقت کا غیر قانونی مظاہرہ کیا۔ حکومت کے خلاف بیان بازی اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال سے عوام کے آرام میں خلل ڈالا۔ اس لیے ان کے خلاف ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی دفعہ پانچ اور چھ اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 149 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔‘
دوسری جانب کسان اتحاد پنجاب کے صدر چوہدری رضوان اقبال نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’ہم نے اپنے مطالبات کے لیے جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ کسی جگہ پر نہ سڑک بند کی نہ کسی کو کوئی تکلیف دی۔ اس کے باوجود ایف آئی آر درج کی گئی جو کہ آمرانہ روش ہے۔‘
#Breaking: A case has been registered against 184 Pakistani farmers including President Kisan for holding a tractor rally in #Pakpattan. #TractorRallyPakistan was taken out yesterday against the rising of fertilizer, electricity & diesel prices in Pak. pic.twitter.com/xBJKN2lB0P
— Ravinder Singh Robin ਰਵਿੰਦਰ ਸਿੰਘ راویندرسنگھ روبن (@rsrobin1) February 17, 2021