ٹگ آپریٹر کو دل کا دورہ، پی آئی اے کا طیارہ کارگو ٹریکٹر سے جا ٹکرایا
حکام کے مطابق حادثے کے دوران طیارے کا وی ایچ ایف انٹینا ٹوٹ گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام اباد ایئر پورٹ کے رن وے پر پی آئی کا طیارہ کارگو ٹریکٹر سے جا ٹکرایا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن حکام کے مطابق یہ حادثہ پیر کو پیش آیا جب کارگو ٹریکٹر آپریٹر کو دل کا دورہ پڑا جس کے باعث طیارہ کارگو ٹریکٹر سے جا ٹکرایا۔
پی آئی اے کے طیارے کو ٹگ بس کے ذریعے کھینچ کر رن وے کی طرف لایا جا رہا تھا۔
پی آئی اے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’ٹگ آپریٹر طیارے کو رن وے کی طرف کھینچ کر لا رہا تھا جس دوران آپریٹر کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور طیارہ کارگو ٹریکٹر سے جا ٹکرایا۔‘
حکام کے مطابق حادثے کے دوران طیارے کا وی ایچ ایف انٹینا ٹوٹ گیا ہے جس کی مرمت کا کام جاری ہے جبکہ کارگو ٹرک آپریٹر کو فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔