سعودی عرب میں ایسٹرازینیکا ویکسین کے استعمال کی منظوری
جمعرات 18 فروری 2021 15:45
سعودی عرب کی مسلح افواج نے بھی اپنے فوجیوں کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے ایسٹرازینیکا کی کورونا ویکسین کے استعمال اور درآمد کی منظوری دے دی ہے۔
عرب نیوز نے سرکاری خبر ایجنسی ایس پی اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’حکام نے جمعرات کو ویکسین کی منظوری کمپنی کے فراہم کردہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد دی ہے۔‘
تاہم ویکسین کی مملکت میں آمد کے بعد اس کا پہلے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
ایس ایف ڈی اے حکام نے کورونا ویکیسن کی منظوری کے لیے سائنسی طریقہ کار اپنایا ہے جس میں ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کی تحقیق کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کی مسلح افواج نے بھی اپنے فوجیوں کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے سعودی فضائیہ کے نائب کمانڈر میجر جنرل محمد البلاوی نے ایک اجلاس بھی منعقد کیا ہے جس میں اس منصوبے کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس میں مملکت کے ریجنز، ایئربیسز، بیڑوں اور وزارت دفاع کے کورونا وبا کے سدباب کے لیے بنائے گئے سیل کی ٹیم بھی موجود تھی۔
اس اجلاس میں کہا گیا ہے کہ ’تمام فوجی اپنے یونٹس کے ذریعے وزارت کے ویکسین لگانے کے نظام میں اپنا ڈیٹا رجسٹر کروائیں اور احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔‘
یاد رہے کہ مملکت میں کوورنا ویکسینیشن مہم کا آغاز گذشتہ سال 17 دسمبر سے ہوا تھا۔
سعودی عرب خیلج تعاون کونسل میں بحرین کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں سعودی فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی کی منظوری کے بعد فائزر کی ویکسین استعمال کی گئی ہے۔