اسلام آباد یونائیٹڈ کا جیت کے ساتھ پی ایس ایل مہم کا آغاز
اسلام آباد یونائیٹڈ کا جیت کے ساتھ پی ایس ایل مہم کا آغاز
اتوار 21 فروری 2021 15:56
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان اب تک 6 میچز کھیلے گئے ہیں۔ فوٹو پی سی بی
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن میں اتوار کو ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 19 اوورز میں مکمل کر لیا۔ لیوس گریگوری 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کو سلطانز نے اپنے قدموں پر جمنے نہ دیا اور گیند باز انہیں ایک ایک کر کے ڈھیر کرتے گئے۔
شاہد آفریدی نے تین وکٹیں لیں، خوشدل شاہ نے ایک، کارلوس نے دو اور محمد عمر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم میچ کے آخری اوورز میں اسلام آباد نے کم بیک کیا اور گریگوری کی شاندار اننگز نے جیت کو یقینی بنایا۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے آٹھ وکٹوں کے نقصان مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا۔ شاہد آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔
اوپنر بلے باز کرس لِن کریز اپنے قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ وہ فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جیمز ونس 16 رنز بنا کر لیوس گریگوری کی گیند کا نشانہ بنے۔
ریلی روسو نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن شاداب خان نے انہیں 25 رنز پر آؤٹ کیا۔ ان کے بعد صہیب مقصود آئے لیکن وہ بھی دو رنز بنانے کے بعد محمد وسیم کا شکار بنے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
قبل ازیں آج اتوار کے پہلے اور ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے شکست دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت نوجوان آل راؤنڈر شاداب خان کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب محمد رضوان ملتان سلطانز کے کپتان ہیں۔
ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک چھ میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے تین میچز میں اسلام آباد یونائیٹد اور تین ہی میچز ملتان سلطانز جینتے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں خیبر پختونخوا کی قیادت کرتے ہوئے نیشنل ٹی20 اور قائداعظم ٹرافی اپنے ٹیم کے نام کر چکے ہیں اور اس بار ان کی کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کریں۔
دونوں ٹیموں کے بہترین کھلاڑی کون سے ہیں؟
ملتان سلطانز کا سکواڈ لیگ میں شامل بہترین غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے پاس بہترین آل راؤنڈرز ہیں۔
کرس لین، کارلوس بریتھ ویٹ، ریلی ریسو اور جیمز وینز
ملتان سلطانز کے پاس آسٹریلیا کے کرس لین، ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ، جنوبی افریقہ کے ریلی ریسو اور انگلینڈ کے جیمز وینس پر مشتمل بہترین سکواڈ موجود ہے۔
یہ تمام ایسے کھلاڑی ہیں جو کہ کسی بھی میچ کا کبھی بھی پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شاہد آفریدی، عمران طاہر، عثمان قادر اور سہیل تنویر
ملتان سلطانز کی ٹیم میں تین لیگ سپنر موجود ہیں جو کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میچ ونر کھلاڑی ہیں جبکہ عمران طاہر اور عثمان قادر دوںوں ہی محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے موزوں گیدن باز ہیں۔
ملتان سلطانز کی گیند بازی میں تجربہ کار سہیل تنویر ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا روٹی گینگ
اسلام آباد یونائیٹڈ میں حسن علی کی شمولیت کے بعد باولنگ لائن کافی مضبوط ہو چکی ہے، جبکہ ان کا ساتھ دیں گے شاداب خان اور فہیم اشرف۔
شاداب خان اور فہیم اشرف نے حال ہی میں خود کو آل راؤنڈرز کے طور پر متعارف کروایا ہے جبکہ اس بار ان کی ٹیم ان دو کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار کرے گی۔