تبوک اور طریف میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔(فوٹو عاجل)
ماہر موسمیات حسن کرانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف شہروں میں سردی کی ایک اور لہر آنے والی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’سردی کی نئی لہر بدھ کو تبوک پہنچے گی جبکہ جمعرات کو شمالی علاقے اس سے متاثر ہوں گے‘۔
’یہ لہر جمعہ کو مغربی، وسطی اور مشرقی علاقوں کو متاثر کرے گی۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک گرجائے گا‘۔
دوسری طرف محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو وادیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’طائف، اضم، العرضیات اور میسان سمیت قرب وجوار کے علاقوں میں رات 8 بجے تک بارش کا امکان ہے‘۔
’سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ نشیبی علاقوں ، ڈھلانوں اور سیلاب کی گزر گاہوں سے دور رہا جائے‘۔
اس سے قبل سعودی محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے کہا تھا کہ اتوار کو مملکت کے مختلف شہروں میں موسم آبرآلود رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جازان ،عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنز کے بعض علاقو ں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے شاہراہوں پر حد نگاہ بھی متاثر ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو احتیاطی تقاضوں کو مدنظر رکھنا چاہئے۔
بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ بارش کا سلسلہ تبوک ، الجوف ، شمالی حدود، حائل ، قصیم اور بعض شمالی و مشرقی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
اتوار کو شرورہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری جبکہ تبوک اورطریف میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔