Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کی یورپی یونین کے سفیر سے ملاقات

یورپی یونین کے سفیر نے سعودی عرب کی انسان دوست کوششوں کی تعریف کی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سربراہ اور مملکت میں یورپی یونین کے سفیر کے درمیان ملاقات میں سعودی عرب کی انسان دوست کوششوں کو ’ پروفیشنل‘ قرار دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائز جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے سعودی عرب، بحرین اور عمان میں یورپی یونین وفد کے سربراہ پیٹرک سائمونٹ سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ  اور پیٹرک سائمونٹ نے ملاقات کے دوران امدادی اور انسانی امور سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پیٹرک سائمونٹ نے کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے پیشہ ورانہ طریقۂ کار،اس کی تیاری اور انسان دوست اور ریلیف پروگراموں میں ہم آہنگی اور پوری دنیا کے ضرورت مندوں کے لیے اس کی سپورٹ کی تعریف کی۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1536 امدادی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان منصوبوں پر تقریباً پانچ بلین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.47 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

کنگ سلمان سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ (فوٹو الشرق الاوسط)

اس مرکز نے شام اور یمن کےعلاوہ روہنگیا سے آنے والے پناہ گزینوں کی امداد کے لیے یو این ایچ سی آر کے ساتھ متعدد معاہدے بھی کیے ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔

شیئر: