Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی یمن کے لیے طبی امداد

گذشتہ آٹھ مہینوں میں 5 ہزار افراد کو طبی اور علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔(فوٹو ایس پی اے)
یمن کے مارب گورنریٹ میں قائم مارب پروستھیٹک لمب سینٹر نے کنگ سلمان ہیومینیٹری ایڈ اور ریلیف سینٹر کے تعاون سے گذشتہ آٹھ مہینوں میں 5 ہزار افراد کو 11 ہزار طبی اور علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے کا پانچواں مرحلہ سنیچر کو ختم ہوا جس میں 314 مصنوعی اعضا کی تیاری اور فٹنگ، 100 آرتھوٹک اعضا کی فکسنگ اور دوبارہ تیاری اور دو ہزار 832  افراد کے لیے فزیو تھراپی کی خدمات فراہم کرنا شامل ہیں۔

امدادی منصوبے کا پانچواں مرحلہ سنیچر کو ختم ہوا ہے(فوٹو ایس پی اے)

مارب گورنریٹ کے انتظامی امور کے انڈر سیکریٹری عبداللہ البکری نے خصوصی ضرورتوں کے حامل مریضوں کی تکالیف دور کرنے پر کنگ سلمان ہیومینیٹری ایڈ اور ریلیف سینٹر کی ٹیم کی تعریف کی۔
انہوں نے مصنوعی مرکز کے لیے کنگ سلمان ہیومینیٹری ایڈ اور ریلیف سینٹر کی حمایت کی بھی تعریف کی جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ سینٹر لوگوں کی آباد کاری  اور انہیں معاشرے میں دوبارہ شامل کرنے اور معمول کی زندگی میں واپس لانے میں ان کا مددگار ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.47 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
اس مرکز نے شام اور یمن کےعلاوہ روہنگیا سے آنے والے پناہ گزینوں کی امداد کے لیے یو این ایچ سی آر کے ساتھ متعدد معاہدے بھی کیے ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔

شیئر: