جازان میں حوثیوں کا میزائل گرنے سے پانچ افراد زخمی
جازان میں حوثیوں کا میزائل گرنے سے پانچ افراد زخمی
منگل 2 مارچ 2021 2:23
دو گھروں، ایک جنرل سٹور اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں پیر اور منگل کی درمیانی شب حوثیوں کی جانب سے داغا گیا میزائل گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عرب نیوز اورسعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جازان میں شہری دفاع ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل محمد بن یحیی الغامدی نے بتایا’ شہری دفاع کو جازان کے ایک سرحدی گاوں میں یمن سے میزائل داغے گئے میزائل کے گرنے کی اطلاع ملی تھی‘۔
’جائے وقوعہ پر پہنچ کر پتہ چلا کہ یمن سے داغا گیا ملٹری پروجیکٹا ئل ایک عوامی مقام پر گرا ہے جس سے پانچ شہری زخمی ہوگئے‘۔
’زخمیوں میں تین سعودی شہری اور دو یمنی شامل ہیں۔ ملٹری پروجیکٹائل کے ٹکڑے لگنے سے انہیں درمیانے درجے کے زخم آئے‘۔
کرنل محمد بن یحیی الغامدی کے مطابق ’زخمیوں کو فوری طور پرطبی امداد کے لیے ھسپتال منتقل کردیا گیا ہے‘۔
ترجمان نے بتایا ’ اڑتے ہوئے ٹکڑے گرنے سے دو گھروں، ایک جنرل سٹور اور تین گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے‘۔
واضح رہے کہ حوثیوں نے بارودی ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے مملکت کے شہری اہداف پر حملے تیز کردیے ہیں۔
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر ترکی المالکی نے الاخباریہ چینل کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ حوثی ملیشیا سول تنصیبات کو جان بوجھ کر منصوبہ بند طریقے سے نشانہ بنا رہی ہے۔