Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی خاندان ہمارے بارے میں جھوٹ پھیلا رہا ہے، میگھن مارکل

میگھن مارکل پر الزام ہے کہ انہوں نے کینسنگٹن پیلس کے سٹاف کو پریشان کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
میگھن مارکل کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال بکنگھم پیلس کی جانب سے ان کے اور ان کے شوہر شہزادہ ہیری کے بارے میں مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات انہوں نے مشہور امریکی ٹی وی شو میزبان اوپرا ونفرے کے پروگرام میں بدھ کی رات کو کہی ہے۔
میگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'مجھے نہیں پتہ کیسے وہ توقع کر رہے تھے کہ دی فرم (یعنی شاہی خاندان) ہمارے بارے میں جھوٹ پر سرگرم رہے گی اور ہم خاموش رہیں گے۔'
شو کی کلپ ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ وہ اخبار کی ان خبروں پر تحقیقات کرے گا جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ’میگھن مارکل پر الزام ہے کہ انہوں نے کینسنگٹن پیلس میں رہنے کے دوران وہاں پر کام کرنے والے سٹاف کو پریشان کیا تھا۔‘
تاہم اوپرا ونفرے کا شو ان الزامات کے سامنے آنے سے قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بدھ کو بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’شاہی خاندان کو برطانوی اخبار دی ٹائمز میں شائع ہونے والے الزامات پر تشویش ہے جو کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے لیے کام کرنے والے سابق سٹاف کے دعوں کے پیش نظر عائد کیے گئے ہیں۔‘
واضح رہے کہ دی ٹائمز اخبار کے دعوے اکتوبر 2018 کے ہیں۔
پیلس کا کہنا تھا کہ سٹاف میں اس وقت کام کرنے والے افراد کو بلا کر ان سے پوچھا جائے گا، کیونکہ شاہی خاندان کسی قسم کی ہراسگی اور کسی کو پریشان کرنے کو برادشت نہ کرتا ہے نہ کرے گا۔  
میگھن مارکل کی جانب سے اس وقت جاری ایک بیان میں انہوں نے اپنے کردار پر کیے جانے والے حملے پر افسردگی کا اظہار کیا۔
ٹی وی انٹرویو سے پہلے میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے کہا تھا کہ دی ٹائمز اخبار کو مکمل طور پر جھوٹا بیان پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

شیئر: