Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبی: بم دھماکے میں پانچ مزدور ہلاک

سبی اور ہرنائی کے درمیان واقع اس پہاڑی علاقے میں اس سے قبل بھی اس طرز کے حملے ہوچکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی )
بلوچستان کے ضلع سبی میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں پانچ مزدور ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں دو سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سبی زاہد شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ دھماکہ سبی سے 30 کلومیٹر دور بابر کچھ کے علاقے تندوری میں اس وقت ہوا جب مزدوروں کو لے جانے والی گاڑی کچی سڑک کے کنارے چھپائے گئے دیسی ساختہ بم سے ٹکرائی۔
مزدور ایف سی کی سکیورٹی میں پانی کی پائپ لائن بچھانے کے لیے جا رہے تھے۔
سبی کے ڈپٹی کمشنر نے  بتایا کہ دھماکے سے گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار پانچ مزدور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
تین مزدور اور ان کی حفاظت کے لیے ساتھ جانے والے دو ایف سی اہلکار بھی دھماکے میں زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مرنے والے مزدوروں میں چار کی شناخت حیدر علی، عثمان یوسف ، محمد بشیر اور مظہر حسین کے نام سے ہوئی ہے ۔ چاروں کا تعلق پنجاب سے تھا۔
سبی اور ہرنائی کے درمیان واقع اس پہاڑی علاقے میں اس سے قبل بھی اس طرز کے حملے ہوچکے ہیں۔
یہاں فورسز پر ہونے والے حملوں میں  کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے ملوث رہی ہے تاہم تازہ حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

شیئر: