خواتین کے عالمی دن پر گوگل کا منفرد ڈوڈل
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے گوگل نے منفرد ڈوڈل کے ذریعے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں فعال خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
گوگل کی جانب سے آٹھ مارچ کی مناسبت سے جاری کردہ ڈوڈل کو مختصر ویڈیو کی شکل دی گئی ہے جس میں کسی کو دکھائے بغیر آرٹ کے ذریعے خواتین کی کامیابیوں اور ان کی جدوجہد کو نمایاں کیا گیا ہے۔
گوگل کے ڈوڈل میں رنگوں کے استعمال اور تصاویر کے ذریعے خواتین کو کہیں تحریر کے میدان میں دکھایا گیا تو کہیں سائنس، آرٹ، تقریر، تعلیم، انصاف، سیاست، ٹیکنالوجی اور کھیل کے میدان میں کامیابیاں سمیٹتے دکھایا گیا ہے۔
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے جہاں دنیا کے مختلف حصوں میں تقریبات وغیرہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے وہیں پاکستان میں بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی اس دن کی مناسبت سے گفتگو جاری ہے۔
خواتین کے عالمی دن، خواتین کی صورتحال اور دیگر موضوعات میں سوشل میڈیا کی دلچسپی کا یہ عالم رہا کہ ایک وقت میں ٹوئٹر کے 20 میں سے 13 ٹرینڈز ’ورلڈ وومن ڈے‘ کے موضوع پر بنے۔