’جس طرح کے الیکشنز ہوتے ہیں اب اس طرح نہیں ہوسکتے‘
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’سینیٹ الیکشن میں جو تماشہ چلا وہ سب نے دیکھا، آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے لوگوں کو خریدتے ہیں۔‘
’غریب ممالک کے نواز شریف اور آصف زرداری جیسے صاحب اقتدار لوگ پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر بھیجتے ہیں۔‘
منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’بدعنوانی کرنے کے لیے نواز شریف اور آصف زرداری پہلے منی لانڈرنگ اور کرپشن روکنے والے اداروں کو کمزور کرتے ہیں۔‘
اس کے بعد یہ لوگ کرپشن کو معاشرے میں قابل قبول بناتے ہیں اور اس مقصد کے لیے میڈیا کو استعمال کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال ایک ہزار ارب ڈالر غریب ملکوں سے غیر قانونی طور پر منی لانڈر ہو کر امیر ممالک کی ٹیکس ہیونز اور آف شور اکاؤنٹس میں چلا جاتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان ٹیکس ہیونز میں غریب ممالک سے چوری کیے گئے سات ہزار ارب ڈالر موجود ہیں۔‘
ایسے جملے بھی سامنے آتے ہیں کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے یا پھر ایک زرداری سب پر بھاری، یعنی ایک آدمی جو پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے اسے اس کی چالاکی اور سیاسی بصیرت سمجھا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں جس طرح الیکشنز ہوتے ہیں اب اس طرح نہیں ہوسکتے۔‘
’جس طرح امریکہ میں صدارتی انتخاب ہوا، ٹرمپ کوشش کے باوجود ایک بات ثابت نہیں کر سکا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو سارا الیکشن کالعدم ہو جانا تھا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ہمیں اب پاکستان میں شفاف الیکشنز کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز (ای وی ایم) کا استعمال کرنا چاہیے۔‘
’میں اس معاملے پر پیش رفت کی باقاعدگی سے رپورٹ لُوں گا تاکہ جب وقت آئے تو پھر یہ نہ کہیں کہ ہم ٹیکنالوجی کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’وہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق تفصیلی بریفنگ لیں گے۔‘