Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ق لیگ کی بلاول سے معذرت، ’چیئرمین سینیٹ کا ووٹ دینا ممکن نہیں‘

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چودھری شجاعت نے بلاول سے کہا حکومت کے اتحادی ہیں ووٹ دینا ممکن نہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چودھری شجاعت نے بلاول بھٹو زرداری سے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہے  چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ دینا ممکن نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وہ چینل جیو نیوز سے گفتگو میں طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر پارٹیاں ووٹ مانگنے آتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں ووٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی سے معذرت کر لی ہے۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ق لیگ چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی کو ہی ووٹ دے گی۔
’چودھری شجاعت نے بلاول سے کہا حکومت کے اتحادی ہیں ووٹ دینا ممکن نہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں ق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں پتا کہ پنجاب میں تبدیلی آرہی ہے، نہ کسی نےآگاہ کیا۔
ان کے مطابق ق لیگ کی آخری کوشش ہوگی حکومتی اتحاد میں دراڑ نہ پڑے۔
قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وہ سینیٹ چیئرمین کے انتخاب کے لیے تمام سینیٹ کے ممبران سے رابطے کر رہے ہیں، چوہدری صاحبان کے گھر جا کر ووٹ مانگیں گے۔
 

بلاول بھٹو نے اتوار کو لاہور میں حمزہ شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ وہ سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے تمام جماعتوں کے سینیٹرز سے رابطے کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد بلاول بھٹو نے چوہردی پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت سے لاہور میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان سے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں حمایت مانگ لی۔
حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک کے دوران ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت سے بھی ووٹ مانگنے کی غرض سے ملاقات کریں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں چوہدری صاحبان پیپلز پارٹی کے اتحادی رہے ہیں، وہ خود ان کے گھر جا کر ووٹ مانگیں گے۔
یاد رہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف نے ایک بار پھر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار قرار دیا ہے۔ 
بلاول بھٹو نے حمزہ شہباز شریف سے ملاقات میں انہیں رہائی کی مبارکباد دی اور دیگر مسائل پر گفتگو کی۔
حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں بلاول کو اپنے گھر میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، وہ ان کی والدہ کی بھی بہت قدر کرتے تھے، بہت بہادر خاتون تھیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کیے جائیں گے، ایوانوں میں بھی جد و جہد جاری رکھیں گے اور عوام میں بھی جائیں گے۔ 

شیئر: