Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے 9 شہروں میں تعلیمی ادارے 15 مارچ سے بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد، پشاور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں تعلیمی ادارے پیر 15 مارچ سے 28 مارچ تک بند رہیں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں این سی او سی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ’اس وقت صوبہ سندھ اور بلوچستان میں صورتحال بہتر ہے جس کی وجہ سے وہاں تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری کا پالیسی جاری رہے گی۔‘
انھوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ صوبہ پنجاب، صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں صوبوں کے بڑے شہروں میں موسم بہار کی چھٹیاں جلدی کی جا رہی ہیں۔
این سی او سی کے ایک اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ، بلوچستان، اور گلگت بلتستان میں اب تک صورتحال ٹھیک ہے لہٰذا وہاں کے تعلیمی اداروں میں 50 فیصد طلبہ جاتے رہیں گے۔
تاہم پنجاب کے شہروں فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک موسم بہار کی چھٹیاں ہوں گی۔
شفقت محمود نے بتایا کہ ’ان چھٹیوں کا اطلاق پشاور پر بھی ہو گا جبکہ اسی طرح کے اقدامات پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی متوقع ہیں۔‘

تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے ختم کرنے کی حکمت عملی برقرار

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے ختم کرنےاور تفریحی پارک شام چھ بجے بند کرنے کی حکمت عملی بھی جاری رہے گی، تاہم صوبے اس بارے میں اپنے حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

شفقت محمود نے بتایا کہ تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے ختم کرنےاور تفریحی پارک شام چھ بجے بند کرنے کی حکمت عملی بھی جاری رہے گی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ ’صوبائی حکومتیں اپنے مقامی حالات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اس سلسلے میں مزید اقدامات کر سکتی ہیں اور ضرورت پڑنے پر سکول اور شہر بند کر سکتی ہیں۔‘
شفقت محمود نے مزید بتایا کہ پاکستان میں پانچ کروڑ بچے اور نوجوان سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جاتے ہیں اور یہ فیصلے ان کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ شادیوں، ریستورانوں، سینیماوں، اور مزاروں کو 15 مارچ سے کھولنے کے اعلان پر نظر ثانی کی گئی ہے اور اب یہ سیکٹرز کھولنے کا فیصلہ 12 اپریل کو حالات دیکھ کر کیا جائے گا۔ تاہم ریستورانوں کے باہر بیٹھ کر کھانے کی حسب سابق اجازت ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے 60 سال سے زائد شہریوں کی ویکسی نیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

شیئر: