کورونا کیسز میں اضافہ، اسلام آباد میں تین تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم
کورونا کیسز میں اضافہ، اسلام آباد میں تین تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم
منگل 9 مارچ 2021 18:38
پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک پانچ لاکھ 93 ہزار چار سو 53 کیسز سامنے آ چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد میں تین تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد انہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر نے تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری کی سفارش کی ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے منگل کی رات ایک نجی ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شادیوں اور ہوٹلوں میں کھانوں کی اجازت کورونا میں تیزی سے اضافے کے ساتھ التوا کا شکار ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ بدھ کو این سی او سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیا نے اسلام آباد انتظامیہ کو آگاہ کیا ہے کہ کورونا کیسز میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مراسلے میں کہا ہے کہ اسلام آباد کے تین تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے آٹھ کیسز سامنے آئے ہیں۔
ڈاکٹر زعیم ضیا نے کورونا وائرس سے متاثرہ تینوں تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلے کے مطابق ان تعلیمی اداروں میں دو سرکاری کالجز اور ایک نجی سکول شامل ہے۔
تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ’سیکٹر جی الیون تھری میں واقع بیکن ہاؤس سکول میں کورونا وائرس کے تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’سیکٹر ایف سکس ٹو میں واقع اسلام آباد کالج فار گرلز میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ آئی نائن ون میں موجود اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز میں کورونا وائرس کے تین کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔‘
دوسری جانب ڈاکٹر ضعیم ضیا نے اسلام آباد انتظامیہ کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
’ایمرجنسی بنیادوں پر کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، تعلیمی اداروں میں حاضری 50 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔‘
ڈی ایچ او نے تجویز دی ہے کہ کلاسوں کو چار گھنٹوں کی شفٹ میں تبدیل کیا جا سکتا ہے جبکہ چھٹی والے دنوں میں بھی کلاسیں لی جا سکتی ہیں۔
دریں اثنا نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ہوئے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ’گذشتہ روز 13 سو 53 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ 54 افراد مہلک وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔‘
پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک پانچ لاکھ 93 ہزار چار سو 53 کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سے پانچ لاکھ 63 ہزار آٹھ سو افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار دو سو 81 ہے۔