Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گردوغبار کا طوفان سرخ آندھی کی شکل اختیار کر گیا

 سعودی عرب میں جمعے کو گردو غبار کے طوفان نے مملکت کے شمالی علاقوں میں دن کو رات میں تبدیل کردیا ہے۔
الجوف اور آس پاس کے علاقوں میں دن میں رات کا گمان تھا۔ یہاں سے گردو غبار کے طوفان نے سعودی عرب کے مشرقی اور وسطی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق موسمیات کے ماہر عبدالعزیز الحصینی  کا کہنا ہے کہ طوفان کا رخ الجوف اور شمالی علاقے سے تبوک اور حائل کے مشرقی و جنوبی علاقوں، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کے مشرقی علاقوں، قصیم اور ریاض کو یکے بعد دیگرے اپنی لپیٹ میں لیتا چلا گیا۔
ماہرین نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آبادی سے باہر جائیں اور نہ کچے راستوں سے سفر کریں۔ شاہراہوں پر انتہائی ضرورت کی صورت میں ہی نکلیں اور طوفان رک جانے تک انتظار کریں۔
ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ سنیچر کو سعودی عرب کے شمالی، وسطی اور مشرقی علاقوں میں دن کے وقت موسم معتدل ہوجائے گا جبکہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب سردی بڑھ جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق شمالی حدود، الجوف، ریاض، الشرقیہ، قصیم، حائل نیز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے شمالی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 55 کلو میٹر فی گھنٹے سے زیادہ ہے۔
گردوغبار کا طوفان سرخ آندھی کی شکل اختیار کیے ہوئے ہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہیں۔ یہ صورتحال سانس کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار مسافروں کو گائیڈ  کرنے کے لیے شاہراہوں پر گشت کر رہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع کی جانب سے ریاض کی کمشنریوں اور شہروں میں آئے ہوئے طوفان سے بچاؤ کے لیے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیرکی تاکید کی گئی ہے۔
وقفے وقفے سے ایس ایم ایس بھیجے گئے جبکہ ویب سائٹس پر تازہ صورتحال سے اپ ڈیٹ بھی کیا جارہا۔

شیئر: