Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اپوزیشن لانگ مارچ منسُوخ کرے، آئیں بیٹھ کر مذاکرات کرتے ہیں‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ’اپوزیشن پلی بارگین کرے اور عوام کے پیسے واپس کرے (فوٹو: سکرین گریب)
اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن کو مذاکرات کی مشروط پیش کش کی۔
 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اگر اپوزیشن حکومت کے مینڈیٹ کو تسلیم کرے تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن ان کے مقدمات پر بات نہیں ہوسکتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اپوزیشن لانگ مارچ منسوخ کر دے کیونکہ یہ میثاق جمہوریت کی خلاف ورزی ہے۔‘
 
’لانگ مارچ چارٹر آف ڈیموکریسی کی آرٹیکل 21 کی صریحاً خلاف ورزی ہے، اور اس کی اہمیت یہ ہے کہ اس کے اوپر بے نظیر بھٹو کے دستخط ہیں، اس کے اوپر نواز شریف کے بھی دستخط ہیں۔‘
فواد چوہدری نے اپوزیشن کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے ساتھ بیٹھیں اور شفاف الیکشنز کے انعقاد سمیت دیگر امور پر بات کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان سے کرپشن کیسز کے علاوہ دیگر معاملات پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ پلی بارگین کریں، عوام کے پیسے واپس کریں اور پھر لندن یا سوئٹزرلینڈ جہاں مرضی جا کر رہیں لیکن ہماری جان چھوڑیں۔‘
فواد چوہدری نے مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’اپوزیشن کو میں یہ کہنا چاہوں گا کہ سیاسی نابالغوں کے ہاتھوں میں اپنی سیاست کو گروی نہ رکھے۔‘
’مریم نواز اور بلاول بھٹو کو پاکستان کی سیاست کا کوئی تجربہ نہیں۔ بڑی لیڈرشپ کو پالیسی سازی اپنے ہاتھوں میں لینی چاہیے اور پاکستان کے مفاد میں فیصلے کریں۔‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ’اپوزیشن سیاسی نابالغوں کے ہاتھوں میں اپنی سیاست کو گروی نہ رکھے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ‘جاوید لطیف شطرنج کا مہرہ ہیں، اصل سوچ ان کی ہے جو بانی ایم کیو ایم بننا چاہتے ہیں، نواز شریف بانی ایم کیو ایم کی طرح بننا چاہتے ہیں لیکن ان کا انجام بھی یاد رکھیں۔‘
’بانی ایم کیو ایم اور نواز شریف لندن سے واپس نہیں آسکتے، جب کہ مریم نواز بھی لندن جانا چاہتی ہیں مگر ہم انہیں جانے نہیں دیں گے، نیب کی جانب سے ان کی درخواست ضمانت مسترد کرانے کا اقدام قابل تعریف ہے۔
انہوں ںے کہا کہ ’الیکشن میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ریاست کے خلاف بات کریں۔ جاوید لطیف کے خلاف پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ُ

شیئر: