Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ڈی ایم نے سیاسی کارڈ کھیل کر بتا دیا یہ حکومت کتنی نازک ہے‘

مریم نواز نے کہا کہ ’حکومت کی سیاسی موت ہو چکی تدفین پی ڈی ایم کرے گی۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے سیاسی کارڈ کھیل کر بتا دیا کہ یہ حکومت کتنی نازک ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ظہرانے کے دوران خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو ہمارے اندر اتفاق نظر آ رہا ہے۔ ہم جمہوریت کے ذریعے اگے بڑھ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایک سینیٹ کی سیٹ نے ساری کٹھ پتلیوں کا پول کھول دیا۔ ہم نے دکھا دیا ہے کہ عمران خان نے اعتماد کھو دیا ہے۔ پارلیمان کا اعتماد بھی کھو دیا اور عوام کا بھی۔‘

 

ان کے بقول ’صدر پاکستان نے خود مان لیا کہ عمران اکثریت کھو چکے ہیں۔ آپ یہ اس طرح سے ثابت نہیں کرتے کہ آپ کے پاس سپورٹ ہے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’سیاست بھی ایک فن ہے جو ناممکن کو ممکن بنا دیتی ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ’اب یہ فیصلہ کہ کب، کہاں اور کس کے خلاف عدم اعتماد ہو گا یہ پی ڈی ایم کرے گی۔ ہم حکمت عملی سامنے لے کر ائیں گے۔ ہم بتائیں گے آپ کب تک کرسی پر بیٹھیں گے۔ سپیکر اسمبلی کب تک کرسی پر بیٹھیں گے۔‘
’پی ڈی ایم اسی اتفاق کے ساتھ کام کرے گی۔ جب مولانا فضل الرحمٰن، آصف زرداری اور نواز شریف پلان بناتے ہیں تو اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔‘
’امید کرتا ہوں اگر ہم سب مل کر محنت کریں، ایک ہو کر آگے بڑھیں تو کامیابی ہماری ہوگی۔ یہ ہر پاکستانی کی کامیابی ہوگی۔‘
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’آج عمران خان نے اعتماد کا جھوٹا ووٹ لے لیا ہے۔ آج آپ نے انہی سے ووٹ لیا جن کے بارے میں کہتے تھے بک گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عوام کے سامنے دودھ کا دودھ، پانی کا ہانی ہو گیا ہے۔ کوئی بات چھپی نہیں رہی۔ کہاں سے فون آئے، کہاں سے دباؤ ڈالا گیا۔ اب وہ دور گیا جب آپ دھونس جماتے تھے اور دیوار کے پیچھے چھپ جاتے تھے۔ اب ایسا نہیں ہوگا۔‘

مریم نواز نے کہا کہ 'یہ بیٹا بچاؤ اور اولاد بچاؤ مہم چلا رہے ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’یہ ہمیں کہتے تھے کہ بلاول اور مریم ابو بچاؤ مہم چلا رہے ہیں۔ یہ بیٹا بچاؤ اور اولاد بچاؤ مہم چلا رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’یوسف رضا ایک سیٹ جیتے اور یہ پاگل پن کا شکار ہوگئے۔ ان کا جانا ٹھہر گیا ہے، صبح گئے کہ شام گئے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’حکومت کی سیاسی موت ہو چکی تدفین پی ڈی ایم کرے گی۔‘
مریم نواز اور بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں احسن اقبال، مصدق ملک اور شاہد خاقان کے ساتھ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی ہاتھا پائی کی بھی مذمت کی۔

شیئر: